اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

عیدِ قربان پر صفائی کا اہتمام

عیدالاضحی کے موقع پر عوام و انتظامیہ کی جانب سے جو سب سے زیادہ بدانتظامی دیکھنے میں آتی ہے وہ صفائی ستھرائی کے معاملے میں تساہل اور غفلت کا ارتکاب ہے۔ جانوروں کی آلائشیں سڑکوں، پارکوں اور نالوں وغیرہ میں پھینک دی جاتی ہیں جس سے علاقے میں گندگی اور تعفن پھیل جاتے ہیں اور پانی کی روانی وغیرہ میں مسائل پیش آتے ہیں۔ چونکہ یہ برسات کا موسم ہے لہٰذا نالوں کی صفائی کا خصوصی انتظام کرنا ہو گا۔ علاوہ ازیں پارکس اور سڑکوں وغیرہ پر آلائشیں پھینکنے سے ان میں مچھر وغیرہ جنم لیتے ہیں اور چونکہ ڈینگی کا خطرہ سروں پر منڈلا رہا ہے‘ لہٰذا ضروری ہے کہ سب کی صحت کی حفاظت یقینی بنائی جائے اور کوئی ایسا کام نہ کیا جائے جس سے برسات کے پانی کی روانی میں کوئی خلل آئے یا مچھروں کو پنپنے کا موقع مل سکے۔

انتظامیہ کی جانب سے ایسے مواقع پر خصوصی ڈمپنگ پوائنٹس بنائے جاتے ہیں مگر عوام سستی کے باعث ان مقامات پر آلائشیں نہیں رکھتے۔ اسی طرح انتظامیہ کی جانب سے یہ غفلت دیکھنے میں آتی ہے کہ جو مقامات کچرے اور الائشوں کیلئے مختص کیے جاتے ہیں ان کی بروقت صفائی نہیں کی جاتی‘ جس کی وجہ سے ملحقہ علاقے شدید تعفن کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ضروری ہے کہ تمام ڈمپنگ پوائنٹس کی بروقت صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ عید کے خوشیوں بھرے تہوار کو خوشگوار بنایا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement