اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بہترکاروباری ماحول اور مواقع

 سرمایہ کاری کے تحفظ سے متعلق ایک بین الاقوامی رپورٹ میں پاکستان کو کاروباری ماحول کی بہتری میں صف اول کے دس ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیاہے۔قومی معیشت کیلئے یہ خبر اس لحاظ سے خوش آئند ہے کہ اس سے ملک میں بہتر کاروباری ماحول اور مواقع کی نشاندہی ہوتی ہے۔ کاروباری آسانیاں‘ سیاسی استحکام‘ توانائی کی آسان دستیابی اورامن و امان کی بہتر صورتحال ایسے حقائق ہیں جو کسی ملک میں سرمایہ کاری کیلئے باعث کشش ہوتے ہیں۔ ہمارے ہاںپچھلے کچھ عرصے میں ان معاملات میں بہتری آئی ہے جس کی تصدیق ورلڈ بینک کے کاروباری آسانیوں کے اشاریے میں پاکستان کی رینکنگ میں بہتری کی صورت میں کی گئی ہے۔

گزشتہ برس پاکستان کی رینکنگ میں 28 پوائنٹس بہتری آئی۔ کاروباری ماحول کی بہتری کے یہ اشاریے ملک میں سرمایہ کاری کا اعتماد قائم کرنے کیلئے بے حد اہم ہیں؛مگر اب تک کی پیشرفت کو کافی نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ کاروباری آسانیوں کو بڑھانے کی کوشش جاری رکھنی چاہیے ۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے ساتھ منسلک منصوبے وطن عزیز میں صنعتکاری اور کاروباری شعبوں کیلئے نئی شروعات کا موقع دے رہے ہیں ؛چنانچہ درست فیصلے بے حد اہم ہیں تا کہ دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement