اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

محسن ِ پاکستان کا سانحۂ ارتحال

محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان 85 برس کی عمر میں خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ہر ذی روح نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے مگر وہ زندگیاں جو کسی عظیم مقصد کی تکمیل اور جدوجہد میں صرف ہو جائیں وہ بعد از موت بھی اپنے ہونے کا بامعنی تاثر دیتی رہتی ہیں۔ بیشک ڈاکٹر عبدالقدیر خان بھی ایسی عظیم شخصیت تھے جنہوں نے اپنے علم‘ مہارت اور تجربے کو وطنِ عزیز کے مضبوط دفاع کیلئے وقف کردیا۔ درحقیقت اس خدمت سے انہوں نے پاکستان کے دفاع ہی کو ناقابل تسخیر نہیں بنایا بلکہ جنوبی ایشیا کے اس حصے میں طاقت کا توازن قائم کرنے میں مدد کرکے کروڑوں انسانوں کیلئے جنگوں کے حقیقی خطرات سے محفوظ ماحول پیدا کرنے میں بھی کردار ادا کیا۔

پاکستان کے جوہری منصوبے میں اگرچہ کئی معروف نام اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے رہے‘ مگر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام ان میں بلاشبہ سب سے نمایاں ہے‘ اور عوامی سطح پر اور ماہرین کے حلقوں میں بھی اس پہ اتفاق پایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر صاحب کی صلاحیتوں کے شامل ہونے سے پاکستان کے جوہری منصوبے کا اپنے حقیقی مقاصد کی جانب سفر غیرمعمولی طور پر تیزہوا اور اندازوں سے پہلے پاکستان جوہری صلاحیت کی تسخیر کے مقام تک پہنچ گیا۔ وطن عزیز کا یہ قابلِ ذکر سائنسی دماغ اور حب وطن سے سرشار شخصیت قوم کے نوجوانوں کیلئے انسپائریشن ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement