اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

زکوٰۃ فنڈز میں تاخیر

ایک خبر کے مطابق 5 لاکھ مستحق افراد کو زکوٰۃ فنڈز نہ مل سکے جس کی وجہ مالی سال 2021-22ء کی ششماہی قسط کے فنڈز کا تاحال ضلعی زکوٰۃ کمیٹیوں کو موصول نہ ہونا بتائی جا رہی ہے۔ مستحقین زکوٰۃ کو ششماہی قسط اکتوبر کے شروع میں ادا کی جانا تھی مگر وفاقی حکومت کی جانب سے زکوٰۃ فنڈز تاخیر سے جاری کیے گئے جس کی وجہ سے زکوٰۃ کونسل کا اجلاس بھی تاخیر سے منعقد ہوا۔ اب جبکہ وفاق کی جانب سے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں‘ لازم ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مستحقین کو فوری فنڈز کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔

یہ خاصی افسوس ناک صورتحال ہے کہ چھوٹی چھوٹی حکومتی غلطیوں کا خمیازہ غریب اور مستحق افراد کو فاقہ کشی کی صورت بھگتنا پڑتا ہے۔ یہ بات چھپی ہوئی نہیں کہ زکوٰۃ کے مستحقین معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جو دو وقت کی روٹی کے لیے بھی حکومتی امداد پر انحصار کرتے ہیں، ان افراد کو جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنے کے لیے جس تگ و دو کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘ اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ ایسے میں جب مہنگائی کے وار متوسط طبقے کو بھی سانس نہیں لینے دے رہے‘ فنڈز میں تاخیر ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت کو ایسا لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے کہ اس معاملے میں تاخیر کا عنصر باقی نہ رہے اور مستحقین کو مقررہ تاریخ سے پیشتر ہی فنڈز گھر کی دہلیز پر مہیا ہو جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement