اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

پائیدار ترقی کیلئے ماحول دوست اقدامات

پائیدار ترقیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت اور گلوبل وارمنگ پر قابو پانے کیلئے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کا حصہ نہیں لیکن اس کے حل کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ سموگ اور ڈینگی سمیت اس وقت ہمیں کئی ایسے مسائل کا سامنا ہے جن کا سبب کہیں نہ کہیں موسمیاتی تبدیلیوں کو قرار دیا جاتا ہے۔ باوجود اس کے کہ پاکستان کا ماحولیاتی آلودگی میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے‘ اس کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں ہوتا ہے۔

اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے مربوط اور دیر پا اقدامات کے تسلسل کی ضرورت ہے۔ سیوریج ٹریٹمنٹ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور شجر کاری کے فروغ سے ہی زمینی، فضائی اور آبی آلودگی کے مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے؛ تاہم کسی ایک خطے یا ایک علاقے کی کوششیں اس وقت تک بے فائدہ رہیں گی جب تک کہ باقی ممالک اس میں شریک نہ ہوں۔ بھوٹان کی مثال ہمارے سامنے ہے جس کا 60فیصد سے زائد رقبہ جنگلات پر مبنی ہے‘ اس کے باوجود وہ بھارت جیسے ہمسایہ ممالک کے سبب موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کی زد ہے۔ پائیدار ترقی کے لیے ہمیں ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا ہو گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement