اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

قومی دھارے میں شمولیت

کالعدم بلوچ نیشنل آرمی(بی این اے) کے کمانڈروں کی اپنے 70ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شمولیت بے حد خوش آئند پیش رفت ہے۔ رواں برس مئی میں اسی تنظیم کا کمانڈر گلزار امام شنبے بھی ملک دشمن اقدامات سے تائب ہو کر مرکزی دھارے میں شامل ہوگئے تھے۔ گزشتہ چار پانچ برسوں کے دوران بھٹکے ہوئے عناصر میں ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونے کے رجحان نے تقویت پکڑی ہے۔ یہ پاک فوج کی بہت بڑی کامیابی ہے کہ وہ لوگ جو کل تک وطن عزیز کے خلاف لڑ رہے تھے آج گروہ در گروہ قومی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں۔ نگران وزیراعظم سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں کی طرف سے ہتھیار پھینکنے والے ان افراد کی قومی دھارے میں شمولیت کا خیر مقدم کیا گیا ہے کیونکہ مسائل کا حل ہتھیار اٹھانے میں نہیں بلکہ بات چیت میںہے۔ قومی دھارے میں شمولیت کا یہ رجحان اُن ملک دشمن عناصر کے لیے بھی بڑا دھچکا ثابت ہو گا جو بیرونِ ملک بیٹھ کر بلوچ قوم کو گمراہ کرکے ان کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ بلوچستان کے عوام کو ملک کے دوسرے حصوں کی طرح برابر کے حقوق حاصل ہیں‘ قومی دھارے میں شمولیت سے ان افراد کو نہ صرف روزگار کے مواقع حاصل ہو سکیں گے بلکہ وہ اپنے اہلِ خانہ کی بہتر پرورش پر بھی خصوصی توجہ دے سکیں گے اور ایک بہتر شہری کی حیثیت سے باعزت زندگی گزاریں گے اور وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرسکیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں