اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

یوٹیلیٹی سٹور ریلیف ؟

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے گھی‘ کوکنگ آئل‘ واشنگ پائوڈر‘ صابن اور چائے کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے جن کا اطلاق فوری ہو گا جبکہ آئندہ ہفتے‘ چار مارچ سے رمضان ریلیف پیکیج کا بھی آغاز ہو جائے گا اور تقریباً 20 اشیائے ضروریہ پر سبسڈی ملے گی۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مسلسل یہ رپورٹ کیا جا رہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا‘ چینی‘ چاول اور دالیں وغیرہ مارکیٹ سے مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔ عام مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا جو تھیلا 2792 روپے میں دستیاب ہے‘ یوٹیلیٹی سٹورز پر ویسا تھیلا 2840 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح چاول بھی یوٹیلیٹی سٹورز پر مارکیٹ کی نسبت 50 سے 55 روپے فی کلو مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔ چنے‘ دالوں اور چینی کی قیمتوں میں بھی یہی تفاوت پایا جاتا ہے۔ ایسے میں صارفین کو ریلیف دینے کیلئے اعلان کردہ پیکیج کس قدر مؤثر ہو گا‘ یہ ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ اس وقت رمضان المبارک محض دو ہفتے کی دوری پر ہے‘ لہٰذا حکام کو عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کی حکمتِ عملی اپنانی چاہیے اور تقریباً ساڑھے سات ارب روپے کے رمضان پیکیج‘ جس کی منظوری دی جا چکی ہے‘ کو اس انداز سے بروئے کار لانا چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔ بیشتر اشیا پر محض بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈ کے حاملین کو ٹارگٹڈ سبسڈی دی جا رہی ہے‘ اس کا دائرۂ کار بڑھانے کی ضرورت ہے اور عام صارفین کیلئے بھی اشیائے ضروریہ کی رعایتی قیمتیں مقرر کی جانی چاہئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں