شجر کاری مہم کا آغاز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب ہاؤس میں پودا لگا کر پلانٹ فار پاکستان شجری کاری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ملک عزیز کو جن موسمیاتی خطرات کا سامنا ہے‘ درختوں کی تعداد میں اضافہ اُن کے اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے کسی بھی ملک کے کل رقبے کا 25 فیصد حصہ جنگلات پر مشتمل ہونا بے حد ضروری ہے جبکہ عالمی ادارۂ خوراک و زراعت کے مطابق پاکستان کا صرف 4.7 فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہے۔ یوں تو سال میں دو مرتبہ خزاں اور بہار کے آغاز پر ملک میں بڑے اہتمام سے شجرکاری مہم کا آغاز کیا جاتا ہے اور ہر سال حکومت کی طرف سے لاکھوں پودے لگانے کے وعدے کیے جاتے ہیں‘ ہزاروں پودے لگائے بھی جاتے ہیں لیکن ان پودوں کی حفاظت کا خاطر خواہ انتظام نہ ہونے کے سبب وہ تناور درخت بننے سے قبل‘ پہلے سال ہی ختم ہو جاتے ہیں۔ جنگلات اور ماحولیات کا تحفظ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ عوام کو بھی شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ۔ عوام کو نہ صرف نئے پودے لگانے چاہئیں بلکہ اپنے گھروں اور گردو نواح میں پہلے سے موجود پودوں کی تناور درخت بننے تک حفاظت بھی کرنی چاہیے تاکہ ہم روزافزوں ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کر سکیں۔