اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مقامی سیاحت کا فروغ

محکمہ سیاحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عیدالفطر پر چھ لاکھ سے زائد سیاحوں نے خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رُخ کیا جبکہ پنجاب کے معروف سیاحتی مقام مری کی طرف جانے والے سیاحوں کی تعداد بھی لاکھوں میں بتائی جاتی ہے۔ یہ اعداد و شمار ملک میں مقامی سیاحت کے بھرپور پوٹینشل کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ملکِ عزیز میں خوبصورت پہاڑی سلسلے‘ بے شمار تاریخی و ثقافتی اور لاتعداد جنت نظیر مقامات موجود ہیں جو سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیاحتی مقامات پر سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے بین الاقوامی تو کجا‘ مقامی سیاح بھی ان کا رُخ نہیں کرتے۔ امن و امان کی صورتحال یقینی بنا کر اور سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے ملکِ عزیز کو واقعتاً سیاحوں کی جنت بنایا جا سکتا ہے۔ اس کیلئے ایک جامع سیاحتی پالیسی مرتب کرتے ہوئے بین الاقوامی سیاحت سے پہلے مقامی سیاحت کو فروغ دینا ہو گا۔ جس ملک کے اپنے لوگ اپنے وطن کے خوبصورت مقامات کا سفر اور سیاحت نہ کر سکیں تو کسی دوسرے ملک سے آکر کون وہاں سیاحت کرے گا؟ ضروری ہے کہ حکومت سیاحت کو پہلے اپنے عوام کیلئے سازگار بنائے۔ اس سے مقامی صنعتوں اور ہوٹل انڈسٹری کے فروغ کے علاوہ ملک کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہو گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement