اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

آن ویلز کلینک

وزیراعلیٰ پنجاب نے کچی آبادیوں اور گنجان آباد علاقوںمیں رہنے والے شہریوں کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے 200 آن ویلز کلینکس کا افتتاح کیا ہے۔کہا جارہا ہے کہ اس منصوبے سے سالانہ 40لاکھ سے زائد شہری طبی سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ آن ویلز کلینکس میں 16بنیادی ادویات مفت دستیاب ہوں گی جبکہ ڈاکٹر‘ ایل ایچ وی‘ ڈسپنسر اور ویکسینیٹر سٹاف بھی موجود ہوگا۔ ان کلینکس میں بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات‘ غذائی قلت کے شکار بچوں کی سکریننگ اور علاج سمیت بنیادی ٹیسٹوں کی سہولت اور ملیریا و شوگر کے علاج کی سہولت دستیاب ہو گی۔ اس منصوبے سے نہ صرف عوام کو گھر کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات میسر آ سکیں گی بلکہ بڑے سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بھی کسی حد تک کم ہو سکے گا۔بارہ کروڑ سے زائد آبادی والے صوبے میں سرکاری اعدادو شمار کے مطابق اس وقت صرف 60بڑے اور 132تحصیل سطح کے ہسپتال ہیں جوکہ آبادی کے تناسب سے ناکافی ہیں جبکہ آئے روز ان ہسپتالوں میں ناکافی سہولیات کی شکایات بھی سامنے آتی رہتی ہیں۔ آن ویلز کلینکس کا آغاز پنجاب حکومت کا خوش آئند اقدام ہے لیکن اس کیساتھ ساتھ بڑے ہسپتالوں کی تعداد میں اضافہ اور پہلے سے موجود ہسپتالوں میں معیاری علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جانی چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں