اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

لوڈشیڈنگ کا مسئلہ

گرمی کی لہر شدید ہونے کے باعث بجلی کی طلب میں ہونے والے اضافے سے ملک کے اکثر شہروں میں 12سے 14گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ گرمی میں اضافے کی وجہ سے شہریوں کو روز مرہ معمولات میں بھی کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ بالخصوص بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ کراچی میں ان دنوں میٹرک کے امتحانات ہو رہے ہیں مگر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بچوں کو امتحان کی تیاری اور امتحانی مراکز پر پرچہ حل کرتے ہوئے متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ ملک کا دیرینہ مسئلہ ہے جو گزشتہ دو دہائیوں کے دوران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ بالخصوص ہر سال موسمِ گرما میں‘ جب بجلی کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے‘ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ گوکہ حالیہ چند برسوں کے دوران لگائے گئے تھرمل پاور پلانٹس سے صورتحال کسی حد تک قابو میں آئی ہے لیکن مہنگے ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی اور بجلی بلوں میں شامل کیے گئے مختلف ٹیکسوں نے عوام کی مشکلات دو چند کر دی ہیں۔حکومت کو اس مسئلے کے دیرپا حل کی طرف توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ ساتھ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے قابلِ تجدید توانائی کی پیداوار میں اضافہ کرنا چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں