اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

تعلیم سے محروم تحصیلیں

ایک غیر سرکاری تنظیم کی سکولوں سے باہر بچوں کے حوالے سے ایک تجزیاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سکول جانے والے پانچ سے سولہ برس کے بچوں کا ایک تہائی حصہ یعنی تقریباً دو کروڑ 53 لاکھ 73 ہزار سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں اور اہم بات یہ ہے کہ سکول سے باہر بچوں کی 26 فیصد تعداد کا تعلق 45 مخصوص تحصیلوں سے ہے۔ ان میں بلوچستان کے ضلع سبی کی تحصیل کوٹ منڈائی سرفہرست ہے جہاں 92 فیصد بچے سکول سے باہر ہیں۔ اسی طرح جنوبی وزیرستان کے علاقے توئی کھلہ میں 91 فیصد بچے سکول نہیں جاتے۔ اگرچہ حکومت نے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا ہے اور شرح تعلیم میں اضافے کیلئے ایک ٹاسک فورس بھی تشکیل دی گئی ہے‘ تاہم مذکورہ رپورٹ سے ان علاقوں کی نشاندہی آسان ہو جاتی ہے جہاں تعلیم کے حوالے سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب یہ حقیقت بھی اجاگر ہوتی ہے کہ تعلیم سے دوری کی اصل وجہ بڑھتی غربت ہے۔ بلوچستان‘ خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع‘ اندرون سندھ اور پنجاب کے جنوبی اضلاع‘ جہاں جہاں غربت اور پسماندگی کی شرح زیادہ ہے‘ وہاں تعلیم سے دوری کی شرح بھی اتنی ہی بلند ہے۔ لہٰذا غربت کی وجہ سے تعلیم سے محروم بچوں پر خصوصی کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غربت بچوں کے تعلیمی سفر میں حائل نہ ہو سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں