محکمہ پرائس کنٹرول
حکومتِ پنجاب نے محکمہ زراعت‘ خوراک اور صنعت و تجارت کو ضم کرکے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ کے نام سے ایک نیا محکمہ قائم کر دیا ہے جو سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ صارف تحفظ کونسل اور صارف عدالتوں کے ذریعے صارفین کے حقوق کے تحفظ کا ذمہ دار ہوگا۔ گندم کی خریداری‘ سٹوریج‘ ریلیز اور فلور و شوگر ملز کی ریگولرائزیشن بھی یہی محکمہ کرے گا۔ ملاوٹ کے خاتمے‘ غذائیت سے متعلق آگاہی اور فوڈ سیفٹی کیلئے پالیسیاں تشکیل دینے کی ذمہ داری بھی اسی محکمے کی ہو گی۔ ہمارے ہاں منافع خوری کی روش اور پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی عام ہو چکی ہے جس کی وجہ سے اکثر دکاندار سرکاری نرخ ناموں کو شمار میں ہی نہیں لاتے اور صارفین سے من چاہے دام وصول کرتے ہیں۔ منافع خوری اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ ایک ہی مارکیٹ میں ایک ہی چیز کے مختلف دکانوں پر مختلف نرخ ہوتے ہیں جو سرکاری نرخ نامے سے بالکل مطابقت نہیں رکھتے۔ عوام کو اس نئے محکمے کا فائدہ اُسی صورت ہوگا جب یہ نرخ نامہ جاری کرنے تک محدود رہنے کے بجائے اس پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔ غذائی اجناس کی سٹوریج‘ غذائیت کا معیار اور فوڈ سیفٹی بھی اہم مسائل ہیں‘ امید کی جاتی ہے کہ پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ ان مقاصد کے حصول میں حکومت کا معاون ثابت ہو گا۔