اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

پولیو قطروں سے محروم بچے

ایک خبر کے مطابق حالیہ پولیو مہم کے دوران ملک میں پانچ لاکھ بچے پولیو کے قطروں سے محروم رہے ہیں۔ قبل ازیں ستمبر کی پولیو مہم کے دوران بلوچستان میں پانچ ہزار اور پشاور میں 18ہزار والدین نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے جبکہ اگست کی مہم میں کراچی میں 27 فیصد والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری رہے۔ ملک سے پولیو ختم نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ سو فیصد بچوں کی پولیو ویکسی نیشن نہیں ہوتی۔ پولیو قطروں سے محرومی کا نتیجہ پولیو کے کیسوں میں ہوشربا اضافے کی صورت میں سامنے آرہا ہے۔ گزشتہ برس ملک سے صرف چھ پولیو کیس رپورٹ ہوئے تھے اور اس سال اب تک 48 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ پولیو ویکسی نیشن میں برتی جانے والی لاپروائی کے خوفناک نتائج برآمد ہونے کے بعد حکومتی سطح پر والدین میں بچوں کی ویکسی نیشن کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کا بندوبست کیا جانا چاہیے تھا۔ اس سے پہلے کہ پولیو کا مرض مزید سنگین صورت اختیار کرے حکومت حالیہ پولیو مہم میں قطروں سے محروم رہ جانے والے بچوں کو ٹریس کرکے ان کی ویکسی نیشن یقینی بنائے اور اپنے بچوں کو پولیو قطروں سے محروم رکھنے والے والدین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں