سموگ ٹاور
فضائی آلودگی اور سموگ کے خاتمے کیلئے لاہور میں پہلے سموگ ٹاور کی تنصیب خوش آئند اقدام ہے۔ یہ انسدادِ سموگ ٹاور لاہور کے آلودہ ترین علاقے محمود بوٹی میں نصب کیا گیا ہے جہاں فضائی آلودگیپھیلانے والے کارخانے‘ فیکٹریاں اور شہر کی سب سے بڑی ڈمپنگ سائٹ موجود ہے۔ ادارۂ تحفظِ ماحولیات کے مطابق سموگ ٹاور کی تنصیب سے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1600 سے کم ہو کر 250تک آ گیا ہے۔ سموگ ٹاور کی تنصیب انسدادِ سموگ کیلئے کیا گیا پہلا قلیل مدتی اقدام ہے‘ قبل ازیں حکومتی سطح پر جتنے بھی اقدامات کیے جاتے رہے‘ وہ احتیاطی نوعیت کے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ سموگ ٹاور مقامی سطح پر تیار کیا گیا‘ جس کی لاگت غیر ملکی سموگ ٹاور سے تین گنا کم ہے‘ یعنی حکومت کو فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے اب کسی دوسرے ملک پر انحصار کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق اگر لاہور میں مختلف مقامات پر ایسے 200 سموگ ٹاور نصب کر دیے جائیں تو پورے شہر کو سموگ سے پاک کیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ سموگ ٹاور فضائی آلودگی میں کمی کا باعث بنیں گے لیکن سموگ کے مستقل خاتمے اور روز افزوں موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے شجر کاری کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ عوام کو بھی اپنے رویوں میں تبدیلی لاتے ہوئے ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا چاہیے۔