پولیو‘ کامیابی کا تسلسل ضروری
وزیراعظم کی صدارت میں انسدادِ پولیو سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں بتایا گیا کہ 10 فروری کے بعد سے پاکستان میں پولیو کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ یہ امر اس حوالے سے خوش آئند ہے کہ رواں سال کے پہلے مہینے میں جس طرح ہر ہفتے لگاتار پولیو کیس سامنے آ رہا تھا اس سے انسدادِ پولیو کی حکمتِ عملی اور پولیو مہمات پر سنگین سوالات اُٹھ رہے تھے۔ رواں سال ملک بھر میں اب تک چھ پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ گزشتہ برس مجموعی طور پر 74 کیس منظر عام پر آئے تھے اورملک کے چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت سے بھی پولیو کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ 2021ء سے 2023ء تک‘ تین سال کے عرصے میں بلوچستان سے پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا مگر گزشتہ برس سب سے زیادہ 27 کیس بلوچستان ہی میں رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح دس سال سے زیادہ عرصے تک پولیو فری رہنے والے اسلام آباد میں بھی گزشتہ برس ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا اور 2021ء سے پولیو سے پاک چلے آ رہے صوبہ پنجاب میں بھی پولیو کا ایک کیس سامنے آیا۔ لہٰذا اس حوالے سے اصل کامیابی پولیو فری ہونے کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں ہے‘ جس کے لیے ویکسین کی ٹریکنگ کے ساتھ ساتھ سکیورٹی چیلنجز‘ افواہوں اور ویکسین سے متعلق تحفظات جیسے مسائل پر قابو پانا بھی ازحد ضروری ہے۔