اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

سرحد پار پھنسے افراد

بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے میڈیکل ویزے منسوخ کرنے کا اعلان بھارتی ہسپتالوں میں زیر علاج پاکستانی مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنے گا۔ بھارتی دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو جاری کیے گئے میڈیکل ویزے محض 29 اپریل تک کارآمد ہوں گے‘ تمام پاکستانیوں کو ویزا کی میعاد ختم ہونے سے پہلے بھارت چھوڑنا ہوگا۔ اس وقت سینکڑوں پاکستانی سرحد پار پھنسے ہوئے ہیں اور 26 اپریل تک واہگہ بارڈر کے ذریعے 272 پاکستانی وطن واپس آ چکے ہیں جبکہ 13 سفارتی اہلکاروں سمیت 629 بھارتی شہریوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے مگر جو پاکستانی مریض بھارتی ہسپتالوں میں زیر علاج ہے‘ قطع نظر اس کے کہ وہ سفر کے قابل ہیں بھی یا نہیں‘ بھارتی حکومت نے بلاتفریق تمام میڈیکل ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اقدام سراسر غیر انسانی‘ غیر اخلاقی اور مریضوں کے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے جس کی کوئی توضیح نہیں کی جا سکتی۔ میدانِ جنگ میں بھی مریضوں کے حقوق کو اولیت دی جاتی ہے اور انہیں کسی ملک کا شہری نہیں بلکہ ایک انسان کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ بھارتی حکومت کو روایتی تنگ نظری ترک کر کے پاکستانی شہریوں کے میڈیکل ویزوں کے معاملے کو انسانی بنیادوں پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں