اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

موسمیاتی الرٹ

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر کا سلسلہ جاری رہنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ صوبہ سندھ‘ جنوبی پنجاب‘ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے پانچ سے سات ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ اس وقت بھی سندھ اور بلوچستان کے اضلاع دادو‘شہید بینظیر آباد‘ لاڑکانہ‘ جیکب آباد اور سبی اور لسبیلہ میں درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا ہے۔ اس دوران شدید گرمی اور خشک موسم کے سبب شہری پانی کی کمی کا شکار ہو سکتے ہیں جبکہ معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ گزشتہ برس اپریل‘ مئی میں کراچی میں ہیٹ ویو سے پانچ سو سے زائد افراد جاں بحق  اور ہزاروں افراد متاثر ہوئے تھے۔ ضروری ہے کہ اس دوران شہری غیر معمولی احتیاط کا مظاہرہ کریں اور بلا ضرورت باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مئی کے پہلے ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارش‘ آندھی‘ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ موسمیاتی تنوع کے یہ مظاہر جہاں شہریوں کی جانب سے خصوصی احتیاط کے متقاضی ہیں وہیں متعلقہ اداروں کو بھی اپنی تیاری پوری رکھنی چاہیے۔ ایسے سخت موسم میں پانی اور بجلی شہریوں کو موسم کی ہولناکی سے بچا سکتے ہیں مگر گرمی کی شدت کے آغاز کے ساتھ ہی پانی و بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا بھی آغاز ہو گیا ہے‘ حکومت کو اس جانب خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ عوام کم از کم اپنے گھروں میں تو سکھ کا سانس لے سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں