ڈیجیٹل سرمایہ کاری کانفرنس
اسلام آباد میں منعقدہونے والی ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس میں 11سے زائد ممالک کے 400سے زائد مندوبین اور 200سے زائد آئی ٹی ماہرین و ٹیلی کام کمپنیوں نے شرکت کی۔ خبروں کے مطابق حکومت اس کانفرنس سے 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں کامیاب رہی جو آئی ٹی کے شعبے کو ترقی کی نئی بنیاد فراہم کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔ ملک عزیز کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے‘ یہی نوجوان اگر ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ ہوں تو نہ صرف ملکی ترقی بلکہ عالمی ڈیجیٹل معیشت میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اگرچہ حکومت نے آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے حالیہ برسوں میں ملک میں آئی ٹی پارکس‘ انکیوبیشن سینٹرز اور تحقیقاتی مراکز قائم کیے اور چند بڑی بین الاقوامی کمپنیوں کیساتھ شراکت داری جیسے اقدامات بھی کیے ہیں لیکن حکومت کو آئی ٹی برآمدات بڑھانے کی طرف بھی توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔ حکومت نے رواں مالی سال کیلئے آئی ٹی برآمدات کا حجم پانچ ارب ڈالر مقرر کر رکھا ہے تاہم پہلی ششماہی میں صرف ایک ارب 86کروڑ ڈالر کی آئی ٹی برآمدات ہو سکیں جس سے حکومت کا طے شدہ ہدف حاصل ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے نوجوانوں کو انٹرنیٹ کی بلاتعطل فراہمی سمیت پے پال اور اس طرز کے دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی پاکستان میں رسائی بہت ضروری ہے۔