اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

تین کروڑ نوکریوں کی ضرورت!

عالمی بینک کے صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنی نوجوان آبادی کو معاشی طاقت میں بدلنے کیلئے اگلے دس برسوں میں تین کروڑ نوکریاں پیدا کرنا ہوں گی‘ اور اگر روزگار کے نئے مواقع فراہم نہ کیے گئے تو ملک سماجی عدم استحکام دوچار ہو سکتا ہے۔ یہ بیان ملکی پالیسی سازوں کیلئے واضح تنبیہ ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی اولین قومی ترجیح ہونی چاہیے۔ ایک اندازے کے مطابق ملک میں ہر سال تقریباً 25سے 30لاکھ نوجوان افرادی قوت میں شامل ہو رہے ہیں لیکن اس تناسب سے نوکریاں موجود نہیں ہیں۔ اسوقت ملک میں بیروزگاری کی شرح 7.1 فیصد ہے جو گزشتہ 21 سال کی بلند ترین سطح ہے۔ روزگار کے محدود مواقع کی وجہ سے نہ صرف مزدور طبقہ بلکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد بھی بیرونِ ملک ہجرت کر مجبور ہیں۔

یہ رجحان ملک کی تکنیکی استعداد پر منفی اثرات مرتب کررہا ہے۔ اگر حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مناسب مواقع فراہم کرے تو یہ ملکی ترقی کا انجن ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے حکومت کو صنعتی شعبے پر بھرپور توجہ دینا ہو گی۔ اسی طرح چھوٹے اور متوسط کاروباروں‘ کسانوں اور آن لائن کام کیلئے مالی معاونت اور انشورنس کی سہولت فراہم کرنا بھی ضروری ہے تاکہ چھوٹے کاروبار کو وسعت مل سکے۔ نوجوانوں کو ملکی معیشت کا فعال حصہ بنا کر ہی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کی جا سکتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں