شاہ رخ خان فلم شوٹنگ کے دوران زخمی، علاج کیلئے امریکا روانہ
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے پر علاج کیلئے امریکا روانہ ہو گئے ۔۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان ممبئی کے گولڈن ٹوباکو سٹوڈیو میں ایک ایکشن سین کی شوٹنگ کر رہے تھے جب انہیں چوٹ آئی۔تاہم چوٹ کی نوعیت اور اس حوالے سے مزید تفصیل سامنے نہیں آئی تاہم شاہ رخ خان کے قریبی لوگوں نے بتایا ہے کہ علاج کیلئے انہیں امریکا لے جایا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ چوٹ شدید نہیں ہے بلکہ پٹھوں میں کھچاؤ آیا ہے ۔گزشتہ سالوں میں سٹنٹ ایکشنز کے دوران کئی مرتبہ شاہ رخ کو چوٹیں آئیں اور اس مرتبہ یہ چوٹ کئی عرصے کے سٹریس کا نتیجہ ہو سکتی ہے ۔احتیاط برتتے ہوئے شاہ رخ کو بیرون ملک لے جایا گیا ہے تاکہ بہترین علاج فراہم کیا جا سکے ۔ ڈاکٹروں نے شاہ رخ خان کو کم از کم ایک ماہ کے لیے مکمل آرام کا کہا ہے ۔فی الحال فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے جو آئندہ سال ریلیز ہونا تھی ۔