گل پلازاآتشزدگی پر شوبز انڈسٹری بھی غم سے نڈھال
کراچی (شوبزڈیسک )کراچی میں واقع اہم تجارتی و شاپنگ مرکز گُل پلازا میں ہولناک آگ پر شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے ۔
اداکار نعمان اعجاز نے انسٹاسٹوری میں گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ واقعہ پوری قوم کے لیے سوگ کا باعث ہے ۔ اداکارہ سجل علی نے کہا کہ میں اس سانحے پر دل شکستہ ہوں اور ان کی دعائیں تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔اداکارہ علیزے شاہ نے افسوسناک حادثے پر دکھ ظاہر کرتے ہوئے جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اس واقعے کو ناقابلِ یقین قرار دیدیا۔اداکار علی عباس نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اس سانحے نے شہر کی موجودہ صورتحال کو بے نقاب کردیا ،اداکارہ ایمن خان نے بھی اس سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے لیے دعا کی،اداکارہ مدیحہ امام نے کہاکہ سانحہ میں ہونے والے جانی نقصان کا اندازہ کبھی نہیں لگایا جاسکتا لیکن مالی نقصان کا اندازہ کرسکتے ہیں جو کہ تقریباً 20 سے 25 ملین ڈالرز تھا جو خاک میں مل گیا ہے ۔ یہ نقصان صرف تاجروں کا ہی نہیں بلکہ شہر کا بھی ہے ۔