’’گاڈ فادر‘‘ کے اداکار رابرٹ ڈیوول کا 95 برس کی عمرمیں انتقال
لاس اینجلس(شوبزڈیسک)مشہور زمانہ فلم گاڈ فادر کے اداکار رابرٹ ڈیوول انتقال کرگئے، لیجنڈری اداکار نے فلم میں مافیا وکیل کا کردار ادا کیا تھا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق گاڈ فادر اور اپوکالیپس ناؤ میں اپنے کرداروں کی وجہ سے شہرت پانے والے معروف اداکار رابرٹ ڈیوول 95 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیجنڈری اداکار کی اہلیہ لوسیانا ڈیوول نے ان کی موت کی تصدیق گزشتہ روز کی۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ کل میں نے اپنے شوہر، ایک اچھے دوست، اور اپنے وقت کے عظیم اداکاروں میں سے ایک کو الوداع کہا، ان کی موت گھر میں ہی ہوئی۔ شہرت سے دور رہنے والے رابرٹ ڈیوول نے بہترین اداکار کے لیے آسکر ایوارڈ بھی جیتا جب کہ وہ 6 بار دیگر کیٹیگریز میں بھی نامزد ہوئے تھے ۔ اپنے 6 دہائیوں پر محیط کیریئر کے دوران، انہوں نے مرکزی اور ضمنی کردار دونوں میں شاندار اداکاری کی، اور بالآخر ہدایت کار بھی بنے۔