’’ابھی نہ جاؤ چھوڑکر‘‘،92برس کی آشابھوسلے چل بسیں

’’ابھی نہ جاؤ چھوڑکر‘‘،92برس کی آشابھوسلے چل بسیں

سینے میں انفیکشن پرہسپتال داخل ہوئیں، کئی اعضا ناکارہ ہونے سے موت ہوگئی 20سے زائدزبانوں میں 12ہزارگیت گائے ،2شادیاں کیں ،3بچے سوگوار

ممبئی (شوبز ڈیسک) بھارتی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے (اشلتا دیناناتھ منگیشکر92) سال کی عمر میں چل بسیں، آخری رسومات آج شام کو ادا کی جائیں گی۔ 8 ستمبر1933 کو سانگلی بمبئی میں پیدا ہونیوالی آشابھوسلے سینے میں انفیکشن کے سبب ہسپتال میں داخل تھیں، ان کی موت متعدد اعضا کے کام چھوڑ جانے کے سبب ہوئی۔ آشا بھوسلے مشہور گلوکارہ لتامنگیشکر کی بہن تھیں ،ان کے والد  دِینا ناتھ منگیشکر تھیٹر کے اداکار اور گلوکار بھی تھے ۔

آشابھوسلے کا اصل نام اشلتادینا ناتھ منگیشکر تھاجو بعد میں اشلتاگنپت بھوسلے میں تبدیل ہوگیا اورانہوں نے آشا بھوسلے کے نام سے شہرت پائی ۔اشالتا دیناناتھ منگیشکربھارتی ریاست مہاراشٹراکے ایک چھوٹے سے گاؤں گوار ضلع سانگلی میں پیدا ہوئیں، 1942 میں جب آشا کی عمر 9 سال تھی تو والد دِینا ناتھ منگیشکر کا انتقال ہو گیا،اس کے بعد ان کا خاندان پونے اور وہاں سے کولہاپورگیا جہاں سے ممبئی منتقل ہو گیا۔انہوں نے اور ان کی بڑی بہن لتا منگیشکر نے خاندان کی کفالت کیلئے فلموں میں گانا اور اداکاری شروع کی۔

آشا بھوسلے نے اپنا پہلا فلمی گانا چلا چلا نو بالامراٹھی فلم مجھا بال کیلئے 1943میں گایا، ہندی فلموں میں انہیں 1948میں پہلا موقع ملا جب انہوں نے فلم اندھوں کی دنیا میں 3گیت گائے اور اسی سال فلم ’’چنریا ‘‘کیلئے ان کا گایا گانا ’’ساون آیا ‘‘ہٹ ہوگیا،انہوں پہلا سول ہندی فلمی گانا 1949میں فلم رات کی رانی کیلئے گایا۔آشانے 1949ء میں گنپت راؤ بھوسلے سے شادی کرلی جو لتا منگیشکر کے ذاتی سیکرٹری تھے ،بدقسمتی سے یہ شادی ناکام ہو گئی اوردونوں 1966میں الگ ہوگئے ،ان کے بیٹے آنند بھوسلے اوربیٹی ورشا بھوسلے سمیت 3بچے ہیں ۔آشابھوسلے نے 1980میں موسیقار آرڈی برمن سے شادی کی جو 1994میں اختلافات کے باعث ختم ہوگئی ۔

2011 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے انہیں دنیا کی سب سے زیادہ ریکارڈنگ کرنے والی گلوکارہ قرار دیا جبکہ گلوکارہ کو 2000 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور 2008 میں پدم وبھوشن جو بھارت کا دوسرا سب سے بڑا شہری ایوارڈ ہے سے بھی نوازا جاچکا ہے ۔ان کے مشہور گانوں میں ابھی نہ جائو چھوڑ کر،دم مارودم،پیا تواب تو آجا،مہندی ہے رچنے والی،پردے میں رہنے دو،چرا لیاہے تم نے جو،اک پردیسی میرادل لے گیا،ان آنکھوں کی مستی،مجھ کو ہوئی نہ خبر،ذرا سا جھوم لوں میں،ہم لاکھ چھپائیں پیار مگر، رنگی لارے اوردیگر شامل ہیں ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں