سیٹ پر لوگوں کو نشہ کرتے نہیں، نماز پڑھتے دیکھا:زویا ناصر
لاہور(شوبزڈیسک )اداکارہ زویا ناصر نے شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کے نشے کی حالت میں شوٹنگ پر آنے سے متعلق اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کے حالیہ دعووں پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنے پورے کیریئر میں ایسا کوئی تجربہ نہیں ہوا۔
یہ محسن عباس حیدر کا ذاتی مشاہدہ ہو سکتا ہے ، لیکن انہیں اپنے کام کے دوران کبھی ایسا منظر دیکھنے کو نہیں ملا۔ ان کے تجربے کے مطابق شوٹنگ سیٹس پر پیشہ ورانہ ماحول پایا جاتا ہے اور اکثر فنکار اپنے کام کے حوالے سے سنجیدہ رویہ اختیار کرتے ہیں۔زویا ناصر کے مطابق انہوں نے تو سیٹ پر لوگوں کو نماز ادا کرتے اور کام کے دوران مذہبی فرائض کا اہتمام کرتے دیکھا ہے ۔ اگر کوئی فنکار دیر سے پہنچتا بھی ہے تو اس کی بڑی وجہ طویل شوٹنگ یا مصروف شیڈول ہوتا ہے ، نہ کہ نشہ یا کوئی اور مسئلہ۔اداکارہ نے مزید کہا کہ انہیں اپنے تمام ڈراموں اور پراجیکٹس میں خوشگوار ماحول ملا اور انہوں نے کبھی کسی ساتھی اداکار یا اداکارہ کو نشے کی حالت میں کام کرتے نہیں دیکھا۔