دشمنی پر 2 نوجوان , غیرت کے نام پر بہن قتل , جھگڑے پر سوتن کو گرم پانی ڈال کر مار ڈالا

دشمنی پر 2 نوجوان , غیرت کے نام پر بہن قتل , جھگڑے پر سوتن کو گرم پانی ڈال کر مار ڈالا

عظیم اور احمد کی لاشیں بی آر بی نہر کے قریب سے برآمد ، پاجیاں پنڈ میں دو گروپوں میں فائرنگ ، گولی لگنے سے راہگیر جاں بحق ناصر کادوسری بیوی سے جھگڑارہتاتھا،پہلی بیوی فرح آئی تولڑائی ہونے پرصوفیہ پرگرم پانی ڈال دیا،ہسپتال میں چل بسی

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے دو نوجوانوں کو قتل کر دیا گیا جبکہ غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو مار ڈالا۔ادھر ایک خاتون نے گھریلو جھگڑے پر اپنی سوتن کو گرم پانی ڈال کرمارڈالا۔تفصیلات کے مطابق باٹا پور کے علاقہ میں چودھراہٹ کے تنازع پر چلنے والی دیرینہ دشمنی پر 2 نوجوانوں کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ عمران اور احمد گروپ کے درمیان عرصہ سے دشمنی چلی آرہی تھی ۔ کچھ عرصہ قبل عمران کے باپ کو احمد گروپ نے قتل کردیاتھا۔ دونوں گروپوں میں ابھی تک 5 افراد دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔پولیس کے مطابق عمران نے گزشتہ صبح اپنے ساتھیوں عثمان وغیرہ سے مل کر عظیم اور احمد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا، دونوں کی لاشیں بی آر بی نہر کے قریب سے ملیں۔پولیس نے مذکورہ تینوں ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی۔ دوسری جانب شیرا کوٹ کے علاقے میں سگے بھائی نے غیرت کے نام پر چھریوں کے پے درپے وار کر کے 20سالہ بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ شیراکوٹ کے رہائشی محمد عثما ن کو اپنی بہن عائشہ کے کردار پر شک تھاجس پر دونوں بہن بھائیوں میں اکثر جھگڑا ہوتا تھا،گزشتہ روز بھی دونوں میں اسی معاملے پر جھگڑا ہوا۔ اس دوران طیش میں آکر عثمان نے عائشہ کو چھریوں کے پے درپے وار کر کے شدید زخمی کر دیا ۔ واقع کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر کے زخمی عائشہ کو ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔پولیس نے نعش کو مردہ خانے جمع کرواکر مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ادھر رائے ونڈ کے علاقے پاجیاں پنڈ میں دو گروپوں کی دیرینہ دشمنی پر کراس فائرنگ کے نتیجے میں راہ گیر ہلاک ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پاجیاں پنڈ میں عامراور مصطفی کی علاقے کے محمد علی نامی شخص سے پرانی دشمنی چلی آرہی تھی گزشتہ روز دونوں پارٹیوں کا آمنا سامنا ہو گیا تو انہوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران گولی وہاں سے گزرنے والے محمد عمران کو لگی او روہ موقع پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقتول کے چچا لیاقت علی کی رپورٹ پر ملزمان عامر وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ادھرگجر پورہ کے علاقہ میں خاتون نے گھریلو لڑائی جھگڑے سے تنگ آکر گرم پانی پھینک کر اپنی 28سالہ سوتن کو موت کے گھا ٹ اتار دیا۔تفصیلات کے مطابق گجر پورہ کے علاقے بیگم پورہ کے رہائشی ناصر نے دو شادیاں کررکھیں تھیں،اس کا اپنی دوسری بیوی صوفیہ سے اکثر جھگڑا رہتا تھا،گزشتہ روز اس کی پہلی بیوی فرح بھی گھر آئی ہوئی تھی جہاں صوفیہ اور فرح کے درمیان جھگڑا ہوگیا،جس پر طیش میں آکر فرح نے گرم پانی صوفیہ پر پھینک دیا جس سے وہ بری طرح جھلس گئی جبکہ فرح موقع سے فرا ر ہوگئی،صوفیہ کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں