کراچی : فائرنگ سے شرجیل میمن کے کزن اور دو پولیس اہلکاروں سمیت 6 جاں بحق

کراچی : فائرنگ سے شرجیل میمن کے کزن اور دو پولیس اہلکاروں سمیت  6 جاں بحق

صوبائی وزیراطلاعات کے ماموں زاد بھائی عزیز میمن کو حبیب بینک چورنگی پر نشانہ بنایا گیا، نجی بینک میں ملازم تھے , بنارس پل پر دوران ڈکیتی کانسٹیبل نعیم اوررضوان قتل ، ملزمان سرکاری اسلحہ اور پوسٹ آفس کا کیش لوٹ کر فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں وزیراطلاعات سندھ شر جیل میمن کے کزن اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6افراد جاں بحق ہوگئے، صوبائی وزیراطلاعات کے ماموں زاد بھائی عزیز میمن کو حبیب بینک چورنگی پر نشانہ بنایا گیا، مقتول نجی بینک میں ملازم تھے، بنارس پل پر دوران ڈکیتی پولیس کانسٹیبل نعیم اوررضوان کو قتل کردیا گیا ، ملزمان سرکاری اسلحہ اور پوسٹ آفس کا کیش لوٹ کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ اے تھانے کی حدود حبیب بینک چورنگی کے قریب برج پر موٹر سائیکل سوار دو دہشت گردوں کی فائرنگ سے سیاہ رنگ کی ہنڈا سوک کار نمبر ASV-938میں سوار وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کے کزن 38سالہ جاوید عزیز میمن ولد عبدالعزیز میمن شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طورپر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے ۔ ایم ایل او عباسی اسپتال نے بتایا کہ مقتول کو سر اور بازو پر دوگولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں ۔ ڈی آئی جی ویسٹ آصف اعجاز شیخ نے بتایا کہ مقتول جاوید عزیز میمن نجی بینک کے ریجنل آفیسر تھے اور واردات کے وقت سعید آباد کی برانچ سے صدر کی طرف جا رہے تھے۔مقتول کلفٹن باتھ آئی لینڈ کے علاقے کے رہائشی اور دو بچوں کے باپ تھے جن میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں ۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ مقتول کے والد اس وقت پبلی کیشن سروس سندھ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں ڈائریکٹر ایڈمن تعینات ہیں اور اس سے قبل وہ ایک نجی بینک کے نائب چئیرمین بھی رہ چکے ہیں۔آئی جی سندھ کے فوکل پرسن ایس پی عمران شوکت نے بتایا کہ آئی جی سندھ فیاض لغاری نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اسکی تحقیقات کے لیے تین رکنی اعلی سطح کی تشکیل دے دی ہے جس میں ڈی آئی جی ویسٹ آصف اعجاز شیخ ، ایس پی سی آئی ڈی راجہ عمر خطاب اور ایس پی سائٹ اکرم ابڑو شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق وارادت میں نائن ایم ایم پستول استعمال کیا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق مقتول کو کچھ روز قبل بھتہ خوروں کی دھمکیاں بھی موصول ہوئی تھیں اس سلسلے میں ایس ڈی پی او سائت رانا شعیب سے معلوم کیا گیا تو انہوں نے اسکی تردید یا تصدیق کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے اور اس سے قبل کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ پیرآبادکے علاقے میں بنارس پل کے نیچے موٹرسائیکل سواردوملزمان نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل نعیم ولدعتیق اوررضوان احمد صدیقی ولدجلال احمدصدیقی کوقتل کردیا۔ ملزمان سرکاری ایس ایم جی اورجنرل پوسٹ آفس کے کیش وین سے ایک لاکھ روپے لوٹ کر فرارہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے دونوں لاشوں کوپوسٹ مارٹم کیلئے عباسی شہیداسپتال پہنچایا۔ ایس ڈی پی او اورنگی ٹاؤن ڈی ایس پی زاہدحسین صدیقی کے مطابق جی پی اوکی کیش وین CR.6769نارتھ ناظم آبادحیدری پوسٹ آفس سے کیش لےکربنارس پل کے نیچے سوات موٹرٹریننگ اسکول وسوات آٹوزپررکے اس دوران کیش وین کاکیشئیرگاڑی سے اترا جس کے ہمراہ ایک اہلکار نعیم چلاگیااور دوسرا رضوان گاڑی سے باہراترکرکھڑاہوگیااس دوران موٹرسائیکل پرسواردو حملہ آوروں نے سائیلنسرلگے پستول سے رضوان پر فائرنگ کی اسی دوران دوسرے اہلکار کو آتا ہوا دیکھ کر اسے بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں اہلکارسیکیورٹی زون ساؤتھ میں تعینات اورنارتھ کراچی سیکٹر4.Lکے رہائشی تھے ۔جمشیدکوارٹرکے علاقے عثمانیہ مہاجرکالونی میں واقع عثمانیہ اسپتال کے سامنے ملزمان نے رکشہ پراندھادھندفائرنگ کردی اورفرارہوگئے جس کے نتیجے میں رکشہ میں بیٹھاہوا22سالہ رمیزولدمعین الدین موقع پرہی جاں بحق ہوگیا، واقعہ کے بعدعلاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی اور تمام کاروباری مراکزبندہوگئے بعدازاں مقتول کی لاش عباسی شہیداسپتال پہنچائی گئی، پولیس کے مطابق مقتول عثمانیہ مہاجرکالونی کارہائشی اورپرانے کپڑوں کی خریدوفروخت کاکام کرتاہے جبکہ مقتول کابھائی معیزمتحدہ قومی موومنٹ کاسرگرم کارکن ہے ۔کلری تھانے کی حدودلیاری مرزاآدم خان روڈ پرروٹ نمبرP1منی بس کے آخری اسٹاپ پر دوموٹرسائیکلوں پرسوارچارملزمان نے مہران کارنمبرAHP.390پراندھادھندفائرنگ کردی جس سے 28سالہ جمال ظفرقادری، اسکاچھوٹابھائی 26سالہ حیدرلطیف قادری ولدڈاکٹرغفورشدیدزخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امدادکیلئے سول اسپتال پہنچایاگیاجہاں دوران علاج جمال ظفرقادری نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا پولیس کے مطابق مقتول اورمضروب جڑواں بھائی تھے اورواقعہ کے وقت بی کام کاامتحان دینے جارہے تھے، مقتول لیاری آگرہ تاج کالونی کارہائشی ہے اوراس کے والدلیاری جنرل اسپتال میں ڈاکٹرہیں۔بن قاسم کے علاقے پاکستان ٹیکسٹائل مل پرتعینات نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ سلیم نے فائرنگ کرکے اپنے ساتھی گارڈ 35سالہ عبدالطیف ولدرجب علی کوقتل کردیا اور فرار ہوگیا، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پرپہنچ گئی اوراورلاش کوجناح اسپتال پہنچایا،پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق بدین سے تھا اورگزشتہ نوسال سے فیکٹری میں ہی رہائش پذیرہے ،پولیس کاکہناہے کے عینی شاہدین نے پولیس کوبیان دیاہے کہ سلیم سے اتفاقیہ طور رائفل چلی ہے جس کے بعدوہ گھبراہٹ میں فیکٹری سے بھاگ گیا۔ابراہیم حیدری کے علاقے حسن علی گوٹھ کرسچن قبرستان سے 27سالہ نامعلوم نوجوان کی تین گولیاں لگی لاش برآمدہوئی جسے پولیس نے اپنے تحویل میں لیکر لاش کوپوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال پہنچایا بعدازاں ضروری کارروائی کے بعدلاش کوورثاء شناخت کیلئے ایدھی سردخانے منتقل کردیاہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں