’’میں مسلمانوں کا خلیفہ ہو ں ‘‘ابوبکر البغدادی کی پہلی ویڈیو

’’میں مسلمانوں کا خلیفہ ہو ں ‘‘ابوبکر البغدادی کی پہلی ویڈیو

ہلاکت کی افواہیں پھیلنے کے بعد البغدادی کو مو صل میں نماز جمعہ پڑھاتے دکھایا گیا داعش کا پاسپورٹ بھی جاری، مالکی نے آرمی چیف ، پولیس سربراہ کو برطرف کردیا

بغداد(رائٹرز /اے پی) عراق کے وسیع علاقے پر قابض انتہا پسند تنظیم داعش کے سربراہ اورخودساختہ "خلیفہ" ابوبکر البغدادی کے شدید زخمی ہونے کی افواہوں کے بعد تنظیم کی جانب سے انکی پہلی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں انہیں شمالی عراق کے شہر موصل کی النوری مسجد میں نماز جمعہ پڑھاتے دکھایا گیا ہے ۔عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد مان نے دعویٰ کیا تھا کہ البغدادی بمباری میں شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد ان کے ساتھیوں نے انہیں علاج کیلئے شام منتقل کردیا ہے ۔ 21منٹ کی اس ویڈیو میں ابوبکر البغدادی نے زور دیا کہ وہ مسلمانوں کے خلیفہ ہیں ، تمام مسلمان ان کی اطاعت کریں کیونکہ اپنا رہنما مقرر کرنا مسلمانوں کا مذہبی فریضہ ہے جس کو کئی دہائیوں سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ اگر تم دیکھو کہ میں ٹھیک ہوں تو میری حمایت کرو، اگر دیکھو کہ میں غلط ہوں تو میری رہنمائی کرو۔ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگوں کی نظروں سے دور رہ کر زندگی گزارنے والے شدت پسند رہنما کو اس سے پہلے کبھی کسی ویڈیو میں نہیں دیکھا گیا اگرچہ ان کی کچھ تصاویر دستیاب ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ البغدادی کے مسجد میں خطاب کے دوران موصل شہر میں موبائل سروس کئی گھنٹوں تک بند رکھی گئی۔ مبصرین کے مطابق خود کو "خلیفہ "قراردینے کے بعد البغدادی کیلئے چھپ کر زندگی گزارنا ممکن نہیں کیونکہ روایتی طور پر ایک اسلامی حکمران عوام کے درمیان رہتا ہے ۔ اس دوران عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے زمینی افواج کے چیف کمانڈر اور وفاقی پولیس فورس کے سربراہ کو عہدوں سے برطرف کردیا ہے ۔ فوجی ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل علی غیدان اور لیفٹیننٹ جنرل محسن الکابی اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔ شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے 21 تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں جن میں موصل اور تل عفار میں تاریخی مزارات کو مسمار کرتے دکھایا گیا ہے ۔ تنظیم نے عراقی شہر موصل کو عارضی طور پر دارالحکومت قراردیتے ہوئے وہاں سے اپنا پاسپورٹ جاری کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق داعش کی "ریاست "کی جانب سے جاری پاسپورٹ پر" خلافتِ اسلامیہ" کے الفاظ درج ہیں جس کے ایک طرف "داعش " کا پرچم بنایا گیا ہے ۔ داعش نے آئند ہ ہفتے قومی شناختی کارڈ بھی جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق عراق میں مقامات مقدسہ کی حفاظت کرتے ہوئے داعش کے جنگجوؤں سے لڑائی میں ایک ایرانی پائلٹ ہلاک ہوگیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کرنل شجاعت علمداری اس وقت طیارہ اڑا رہا تھا یا زمینی جھڑپ میں ماراگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں