حکمرانوں کا دورۂ امریکا پیشی ہوتی ہے ، حسن نثار
فاطمہ بھٹو کا سیاست میں آنا نیک شگون، ایم کیو ایم کی پہلے بھی حمایت کی اب بھی کرتا ہوں لاہور مسلم لیگ ن کا قلعہ نہیں رہا، شیوسینا بھارت کا اصل چہرہ نہیں، آن دی فرنٹ میں گفتگو
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا دورۂ امریکا پیشی ہوتی ہے ، خارجہ امور کے لئے پیروں پر کھڑا ہونا ضروری ہوتا ہے ، وزیر اعظم کا پہلے بھی دورۂ امریکا ندامت کا باعث بنا تھا۔ دنیا نیوز کے پروگرام آن دی فرنٹ میں میزبان کامران شاہد سے گفتگو میں حسن نثار نے کہا کہ شیوسینا بھارت کا اصل چہرہ نہیں، بھارت سوا ارب لوگوں کا ملک ہے ، بھارت کے انتہا پسند اپنے لئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں، دنیا بھارت پر ہنس رہی ہے ۔ حسن نثار نے کہا کہ ایم کیو ایم کی پہلے بھی حمایت کی اور اب بھی کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ بھٹو کا سیاست میں آنا نیک شگون ہے ، مگر انہیں مناسب طریقے سے لانا چاہیے ۔ انہوں نے این اے 122 کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے کہا کہ لاہور ن لیگ کا قلعہ نہیں رہا، ن لیگ گھر کی سیٹ ہارچکی ہے ، عمران خان نے اپنی بیگم کو سیاست میں پیچھے کر کے غلطی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ قومیں شخصیت پرستی کے گرد گھومتی ہیں، حکمران صرف بھڑکیں مارتے ہیں۔