نامزد وزیراعلیٰ اور قائم علی شاہ کے خاندان کا اقتدار کے ایوانوں میں گہر ا ربط
پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار برائے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سبکدوش وزیر اعلی ٰسید قائم علی شاہ کے خاندانوں کا اقتدار کے ایوانوں میں گہرا ربط اور تعلق رہا ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار برائے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سبکدوش وزیر اعلی ٰسید قائم علی شاہ کے خاندانوں کا اقتدار کے ایوانوں میں گہرا ربط اور تعلق رہا ہے ۔ سید قائم علی شاہ جب 1972 میں سندھ میں وزیر قانون ، پارلیمانی امور اور ریونیو بنے تو سیدمراد علی شاہ کے والد سید عبداﷲ شاہ سندھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے تھے ۔ بعد میں عبداﷲ شاہ کو سندھ کا وزیر خوراک و زراعت بنایا گیاتھا۔ سیدقائم علی شاہ کو وفاقی وزیر صنعت بنایا گیا تو عبداﷲ شاہ صوبہ میں ہی رہے ۔ پھر جب 1988 میں سید قائم علی شاہ وزیر اعلی سندھ منتخب ہوئے تو اس سے تھوڑی دیر پہلے سیدعبداﷲ شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوچکے تھے ۔1993 کے انتخابات میں وزارت اعلی سید عبداﷲ شاہ کے حصہ میں آئی ، 2002میں سید قائم علی شاہ اور سید مراد علی شاہ پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی رہے ۔2008 میں جب سید قائم علی شاہ دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ بنے تو سیدمراد علی شاہ ان کی کابینہ میں بطور وزیر شامل ہوئے ۔ درمیان میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب مراد علی شاہ کو دوہری شہریت کے سبب وزارت سے الگ ہونا پڑا تاہم مشیر خزانہ بنے ، بعد ازاں انہوں نے غیر ملکی شہریت ترک کی۔ 2013ء عام انتخابات میں سید قائم علی شاہ ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سند ھ بنے اور سید مراد علی شاہ کو پھر مشیر خزانہ بنایا ،جب دوبارہ الیکشن لڑکر سید مراد علی شاہ ممبر سندھ اسمبلی بنے تو ان کو اپنی کابینہ میں وزیر خزانہ بنایا اور آج سید مراد علی شاہ سید قائم علی شاہ کی جگہ سندھ کی وزارت اعلیٰ سنبھالیں گے۔