کراچی سندھ کا خوبصورت شہر، ہماری جان ہے ، مولا بخش

کراچی سندھ کا خوبصورت شہر، ہماری جان ہے ، مولا بخش

سعد رفیق اچھے انسان ،ہمیشہ سیاسی لوگوں کی وکالت کی، ن لیگی ہونے کے باعث مجبور ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش نے کہا ہے کہ کراچی سندھ کا خوبصورت شہر ہے اور ہماری جان ہے ، خواجہ سعد رفیق اچھے انسان ہیں، کبھی انکی برائی نہیں کی، وہ سیاسی کلچر کو آگے بڑھانے کی بات کرتے ہیں اور ہمیشہ سیاسی لوگوں کی وکالت کرتے رہے ہیں مگر خواجہ صاحب مجبور ہیں کیونکہ وہ مسلم لیگ ن کے رہنما ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاکستان چوک کراچی پر منعقدہ ری ہیبلی ٹیشن پروگرام کے موقع پر خطاب میں کیا ۔ انہو ں نے کہا کہ خواجہ صاحب پاناما لیکس لیگی قیادت کا پیچھا نہیں چھوڑے گا، بین الاقوامی کرپشن کے اسکینڈل میں ن لیگ کی قیادت شامل ہے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساری عمر ہمیں کرپٹ کرپٹ کی گالیاں دینے والے خود کیوں بھاگتے پھرتے ہیں ، لاہور میں جو بے امنی ہے وہ سب جانتے ہیں ، اسلام آباد کے کئی علاقوں میں پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں ، پنجا ب میں خواتین سے جو سلوک ہوتا ہے وہ کہیں اور نہیں ہوتا ۔ پورے پنجاب کو بھلا کر ایک علاقے کو ترقی دی جا رہی ہے ۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی کا نام نہ لیا جائے انہیں لیگی قیادت نے رونے کیلئے بھرتی کیا ہے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اکیلے جب بھی تبدیلی کی بات کرو گے ناکام ہو جاؤ گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھ کا باسی ہوں اس کی ثقافت سے ہوں۔ حیدرآباد کو مزید خوبصورت بنانے کی کوشش کروں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں