ایکشن پلان:2816افغانی گرفتار،2617ویب سائٹس بند
پنجاب میں ایک سال کے دوران 1لاکھ397افغان باشندوں کی رجسٹریشن 1751کیخلاف مقدمات ، صوبے میں اب بھی غیر رجسٹرڈ افغانی موجود ہیں
13ویب اکاؤنٹس بھارت سے چلائے جارہے تھے ،مزید39کی بندش کیلئے مراسلہ لاہور(محمد حسن رضا)نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب بھرمیں غیرقانونی طورپرمقیم 2816افغان باشندے گرفتارکئے گئے جبکہ سوشل میڈیاپرملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث سینکڑوں افرادبھی گرفتارکرتے ہوئے 2617ویب سائٹس بندکردی گئیں،ان میں سے بعض ویب اکاؤنٹس بھارت سے چلائے جارہے تھے ۔روزنامہ’دنیا‘کو موصول ہونیوالی پنجاب حکومت کی رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران صوبہ بھرمیں ایک لاکھ 397افغان باشندے بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے رجسٹرڈ کئے گئے ،میانوالی میں 21667، اٹک17390، راولپنڈی 23843، گجرات 9921،چکوال 16645، سرگودھا 799جبکہ لاہور میں صرف 506غیر قانونی افغانیوں کو رجسٹرڈ کیاگیا۔مزیدمعلوم ہوا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت دیگر اضلاع میں اب بھی غیر رجسٹرڈ افغانی موجود ہیں۔گزشتہ روزہونیوالے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ غیرقانونی افغانیوں کیخلاف کارروائی جاری اورافغان آبادیوں میں ریگولرکومبنگ آپریشنز کئے جا رہے ہیں،لاہورسے 146، شیخوپورہ 26، گوجرانوالہ 1009،راولپنڈی 936،سرگودھا172، فیصل آباد 141، ملتان 115، ساہیوال 34، ڈی جی خان 89اوربہاولپور سے 158غیر قانونی افغانیوں کو گرفتار کیاگیاجبکہ1751کیخلاف مقدمات بھی درج ہوئے ۔دریں اثناسوشل میڈیاکے ذریعے ملک مخالف اورفرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث سینکڑوں افرادکوبھی گرفتارکرتے ہوئے 2617لنکس بلاک کردئیے گئے ،ان میں سے 13اکاؤنٹس بھارت سے چلائے جارہے تھے جبکہ پنجاب حکومت نے مزید39ویب سائٹس بندکرنے کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کومراسلہ بھجوا دیا۔