جام شورو:کرپشن پر ایس ایس پی آفس کا اکاؤنٹ آفیسر گرفتار
ایس ایس پی جام شورو تنویر عالم اوڈھو نے دودو گوپانگ کو لاک اپ کرا دیا جرم ثابت ہونے پر اینٹی کرپشن کے حوالے کیا جائیگا ، 15غیر ملکی بھی گرفتار
جام شورو (نمائندہ دنیا) ایس ایس پی جام شورو نے کرپشن کے الزام میں اکاؤنٹس آفیسر دودو گوپانگ کو لاک اپ کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی جام شورو تنویر عالم اوڈھو نے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں غبن کے الزام میں ایس ایس پی آفس کے اکاؤنٹ آفیسر دودو گوپانگ کو گرفتار کراکے کوٹری تھانے میں لاک اپ کرا دیا۔ تنویر عالم اوڈھو نے دنیا نیوز کو بتایا کہ یہ کارروائی بعض اہلکاروں کی شکایت پر کی گئی ہے ۔ اس حوالے سے تفتیش کی جائے گی ، جس کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو اینٹی کرپشن پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن رد الفساد کے سلسلے میں جام شورو میں چھاپے مار کر 15 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ نادرا سے ویری فکیشن کے بعد فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔