کراچی میں موسلادھار بارش 3 افراد لقمہ اجل,اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام
شدیدگرمی کے بعد بارش سے موسم خوشگوار ،اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں ،254فیڈر ٹرپ کرنے سے بجلی غائب،مزید بارش کی پیش گوئی پانی گھروں میں داخل ہوگیا ،نارتھ ناظم آباد اور اورنگی میں کرنٹ لگنے سے 2لڑکیوں سمیت 3افراد دم توڑ گئے ،نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے
کراچی،حیدرآباد،لسبیلہ (اسٹاف رپورٹر،نما ئندگان ) کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم سہانا ہوگیا،کئی سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک جام جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کرگئے ۔محکمہ موسمیات نے شہر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ 22اور 23جولائی کو کراچی سمیت سندھ بھر میں برسات ہوگی ۔ادھر نارتھ ناظم آباداور اورنگی ٹاؤن میں بارش کے باعث گرنے والے بجلی کے تاروں کی زد میں آکر کمسن اور نوجوان لڑکی سمیت 3افراد جاں بحق ہو گئے ۔اندرون سندھ بھی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی ،جبکہ مٹھی اور لاکھڑا میں 2افراد جان کی بازی ہارگئے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بدھ کی صبح سے موسم شدید گرم تھا اورسورج بھی آگ برسا رہا تھا کہ اچانک سے شہر پر کالی گھٹائیں چھاگئیں جس کے بعد مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔بارش سے شہر کا موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا اور شہری بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے ،تیز بارش کے بعدسڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا،سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے ،بازاروں اور محلوں میں پیدل چلنے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔بارش کے باعث سیوریج کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا،جس کی وجہ سے کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیااور متعددعلاقوں میں بارش کے پانی کے ساتھ سیوریج کا پانی بھی شامل ہوگیا اور گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ۔بارش سے کے الیکٹرک کے 254 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔فیڈر ٹرپ کرنے سے لیاقت آباد، شاہ فیصل کالونی، ملیر کالا بورڈ اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔شہر میں بارش کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی صورتحال بھی خراب ہوگئی ، موٹرسائیکل سواروں کے سلپ ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ادھر نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک جے میں قائم فتح پارک کے قریب بارش کے باعث گرے ہوئے بجلی کے تاروں کی زد میں آکر 35سالہ قاری عثمان جاں بحق ہو گیا۔پولیس کے مطابق متوفی اسی علاقے کا رہائشی تھا ۔تیموریہ کے علاقے کوثر نیازی کالونی میں کرنٹ لگنے سے 12سالہ خضرا دختر غلام قادرجاں بحق ہو گئی متوفیہ کی لاش کوقریبی اسپتال لایا گیا جہاں سے ورثاء موت کی تصدیق کے بعد لاش بغیر کسی کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ علاقہ پولیس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کر رہی ہے ۔پاکستان بازار کے علاقے اورنگی گلشن بہارمیں بجلی کی تاروں کی زد میں آکر 17سالہ نیہا دختر اسماعیل جاں بحق ہو گئی ،متوفیہ کی لاش کو قریبی اسپتال لایا گیا جہاں سے ورثاء موت کی تصدیق کے بعد لاش بغیر کسی کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ علاقہ پولیس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کر رہی ہے ۔بارش کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں جس میں شارع فیصل ،راشد منہاس روڈ ،یونیورسٹی روڈ،ابوالحسن اصفہانی روڈ ،شاہ فیصل کالونی ،ملیر ،الفلاح ،بن قاسم ،پپری ،شہید ملت روڈ ،پی آئی بی کالونی ،کارساز روڈ ،اسٹیڈیم روڈ ،کوریڈورI،نارتھ ناظم آباد ،نارتھ کراچی ،سرجانی ٹاؤ ن ،فیڈرل بی ایریا کی اندرون شاہراہیں ،شارع پاکستان ،گولیمار ،ناظم آباد ،لیاقت آباد ،تین ہٹی ،جہانگیرروڈ ،لسبیلہ ،گرومندر ،ایم اے جناح روڈ ،ٹاور ،کیماڑی ،ماڑی پور روڈ ،شیر شاہ ،بلدیہ ٹاؤن ،اورنگی ٹاؤن ،میٹروویل ،سائیٹ ،حبیب بینک ،پاک کالونی ،بنارس ،منگھوپیر روڈ ،لانڈھی ،کورنگی ،شہید ملت ایکسپریس وے ،مین کورنگی روڈ ،صدر ،اولڈسٹی ایریا،گارڈن ،نشترروڈ، سمیت شہر کی دیگر شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پانی کی نکاسی کیلئے کوئی حکمت عملی اختیار نہ کرنے کے باعث شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ٹریفک جام میں پولیس کی موبائلیں اور ریسکیو ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں اورشہری اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک بحال کرواتے نظر آئے جبکہ ٹریفک اہلکار بھی اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے کے بجائے سڑکوں سے غائب رہے جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت میں شدید بد نظمی رہی اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دفاتر سے گھر جانے والے افراد بھی ٹریفک جام میں پھنس جانے کے باعث تاخیر سے گھرپہنچے ۔علاوہ ازیں اسلام کوٹ میں تیز بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے گاؤں جھان پیو کا رہائشی نوجوان ملوک ولد درمحمد جاں بحق ہو گیا ،تھر پارکر ضلع بھر میں موسلادھار بارش وقفہ وقفہ سے جاری رہی بارش نے مٹھی اور اسلام کوٹ شہر میں پانی ہی پانی کردیا۔ وقفہ وقفہ سے جاری بارش نے مٹھی اور اسلام کوٹ شہروں کے مین بازاروں اور سڑکوں کو پانی سے بھردیا جس کے وجہ سے شہریوں کو سخت تکلیف سے گزرنا پڑا تلہار شہر سمیت گرد و نواح میں چوتھے روز بھی بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی جبکہ تلہار سمیت پیرولاشاری، سعید پور، راجو خانانی، چانری و دیگر چھوٹے بڑے شہرو دیہات میں بارش کے بعد مواصلاتی نظام مکمل درہم برہم ہوچکا ہے جس کی وجہ سے عوام الناس کو شدید دشواری کا سامنا ہے ۔میرپور ماتھیلو اور گردو و نواح کے علاقوں میں طوفانی بارش کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا جبکہ متعدد مقامات پر بجلی کے پول گرنے سے مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا اٹھارہ گھنٹے بجلی کے طویل بریک ڈائوں کے بعد کچھ علاقوں کی بجلی بحال کر دی گئی ۔لسبیلہ میں بدھ کے روز وقفہ وقفہ سے حب اور گرد نوا ح میں با رش کا سلسلہ اڈھا ئی گھنتٹے تک جا ری رہابا رش کے بعد پو را شہر جھل تھل ہوگیا سڑکیں اور گلیاں ندی نا لو ں کا منظر پیش کر نے لگیں ۔ دوسری جا نب صنعتوں سے آنے والے گندے نا لے کی صفا ئی نہ ہو نے کے با عث مختلف علا قو ں میں کیمیکل ملا پا نی بھی لوگوں کے گھر وں میں دا خل ہو گیا اس سا ری صو رتحا ل نے میونسپل کا رپورشن کی کا رکر دگی کا پو ل کھو ل دیا ہے جبکہ لاکھڑا میں 7سالہ شہزاد ولد محمد انور گنگو سیلا بی ریلے میں نہا تے ہو ڈوب کر جا ں بحق ہو گیا۔