سراج الحق کا آج ’’یوم عزم تحفظ ختم نبوت‘‘ منانے کا اعلان

سراج الحق کا آج ’’یوم عزم تحفظ ختم نبوت‘‘ منانے کا اعلان

پاکستان نظام مصطفی ؐکے لیے حاصل کیا گیا، عدم نفاذ کے باعث 1971 ء میں ملک دو لخت ہوگیا، امیر جماعت اسلامی پاکستان ایک وزیر کا مستعفی ہونا کافی نہیں، ختم نبوتؐ کے حلف کو بدلنے والوں کے تعین کیلئے عدالتی تحقیقات کرائی جائے ، پریس کانفرنس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے آج ملک بھر میں ’’یوم عزم تحفظ ختم نبوت‘‘ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ اُن کا کہنا ہے کہ ملک و قوم کو درپیش تمام مسائل کا حل اور بحرانوں سے نجات کا واحد راستہ نظام مصطفیؐ کا نفاذہے ۔ پاکستان نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے حاصل کیا گیا اور اس نظام کے عدم نفاذ کے باعث ہی ملک دو لخت ہوا۔ جمعرات کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ایک وزیر کے مستعفی ہونے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ختم نبوت ؐکے حلف میں تبدیلی کے حوالے سے جو مسئلہ پیدا ہوا ہے اُس کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور اس سازش کی پشت پر جو لوگ ہیں انہیں بے نقاب کیا جائے ۔ حکومت قانون توہین رسالت ؐ میں ترمیم کا امریکی مطالبہ مسترد کرے اور امریکی وزیر دفاع کی آمد پر ان سے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کرے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر نے مزید کہا کہ سب کو نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے مل کر جدوجہد کرنی چاہیے ۔ ایم کیو ایم کی سینیٹر نسرین جلیل کی سربراہی میں سینیٹ کی کمیٹی نے توہین رسالت کے قانون میں ایف آئی آر درج کرانے کے حوالے سے اور جو دیگر ترامیم کی سفارشات پیش کی ہیں انہیں واپس لیا جائے ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امرائے کراچی مظفر احمد ہاشمی، برجیس احمد، ڈاکٹر اسامہ رضی، مسلم پرویز، محمد اسحاق خان، محمد اسلام، ڈپٹی سیکریٹری کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ، عبدالواحد شیخ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور مرکزی میڈیا کوآرڈی نیٹر سرفراز احمد بھی موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں