رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں , اسٹریٹ کرمنلز سمیت 28 ملزم گرفتار
وقار، مٹھل، عباس علی، احتشام علی عرف بابا، سیف علی، زوہیب اور احسان کو رینجرز نے پولیس کے حوالے کیا رسالہ پولیس نے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث حنیف، زاہد اور عمر سعید کو دھر لیا، ایس ایس پی سٹی پولیس شہلا قریشی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس نے شہر بھر میں کارروائیوں کے دوران اسٹریٹ کرمنلز سمیت 28 ملزم گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ رینجرز ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق زمان ٹاؤن سے ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث محمد وقار عرف وکی کو گرفتار کیا گیا۔ رینجرز نے زمان ٹاؤن ہی سے مٹھل علی اور عباس علی کے علاوہ منشیات فروش احتشام علی عرف بابا کو بھی گرفتار کیا۔ عوامی کالونی سے سیف علی، زوہیب اور احسان خان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہیں۔ تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ دوسری طرف لیاقت آباد پولیس نے حبیب اور محمد عمران کو، گلبرگ پولیس نے جنید اور ناصر کو، تیموریہ پولیس نے وسیع الرحمن کو گرفتار کر کے اسلحہ۔ کورنگی پولیس نے احسن علی، سلطان ، جنید اور عقیل کو۔ لانڈھی پولیس نے رحمت اللہ اور سلامت کو۔ سرجانی ٹاؤن پولیس نے محمد اعجاز اور افضل کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لیں۔ ایس ایچ او عقیل احمد کا کہنا ہے کہ اعجاز کو 2017 ء میں شارع نورجہاں پولیس نے گرفتارکیا تھا، جبکہ افضل کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے 2016 ء میں گرفتار کیا تھا۔ دونوں ضمانت پر رہا ہوئے تھے ۔ رسالہ پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تین رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔ حنیف، زاہد اور عمر سعید کے قبضے سے دو موٹر سائیکلیں اور 23 مسروقہ یا چھینے ہوئے موبائل فون بھی ملے ۔ ایس پی سٹی شہلا قریشی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان اسٹریٹ کرمنل ہیں اور حنیف گروہ کا سرغنہ ہے ۔ ملزمان نے بیشتر وارداتیں ڈیفنس کے علاقے میں کیں۔ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر وہ متعدد افراد کو گولی بھی مار چکے ہیں۔ اتحاد ٹاؤن پولیس نے ملزم خمیس خان عرف اسامہ کو، سرسید ٹاؤن پولیس نے اعجاز اور آصف قریشی کو اور کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے ضمیر کو گرفتارکرکے اسلحہ اور منشیا ت برآمد کرلیں۔ ٹیپوسلطان پولیس نے پان شاپ پر چھاپہ مار کر مضر صحت گٹکا اور سپاری کے پیکٹ برآمد کرکے عبدالوحید کو گرفتار کرلیا۔