ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر اشفاق سرکاری اور فوجی اعزاز کیساتھ اسلام آباد میں سپرد خاک
نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر اشفاق احمد کو سرکاری اور فوجی اعزاز کے ساتھ اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا
اسلام آباد(آن لائن) نماز جنازہ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز ، فرحت اللہ بابر سمیت اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شرکت کی ۔ دریں اثنا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کی ایٹمی صلاحیتوں کی ترقی میں مرحوم ڈاکٹر اشفاق احمد کے اہم کردار پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ، جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ، انہوں نے کہا کہ بے لوث خدمت پر ہر پاکستانی ڈاکٹر اشفاق احمد کا ممنون ہے ، وزیراعظم نے غمزدہ خاندان کے لئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں شریک ہے ، دریں اثناء ڈاکٹر اشفاق احمد کی تدفین کے بعد ان کی قبر پر وزیراعظم کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔