سرکاری حج سکیم:حکومت کاباقی کوٹہ کی قرعہ اندازی کافیصلہ
4500حاجیوں کیلئے قرعہ اندازی،80سال سے زائدعمر،3بارناکامی والے مستثنٰی
اسلام آباد (سیدقیصرشاہ )حج 2018کیلئے سرکاری سکیم کاکوٹہ60فیصد کرنے کے عدالتی فیصلے پر وزارت مذہبی امور نے نظرثانی اپیل دائر کرنے کے بجائے باقی کوٹے کی قرعہ اندازی کرنیکا فیصلہ کرلیا جبکہ پرائیویٹ حج سکیم کے لئے دو ہزار نئی انرول کمپنیوں میں سے حج کوٹے کیلئے 1232 اہل اور 751 نئی کمپنیوں کو آڈٹ رپورٹ کی روشنی میں نا اہل قرار دیا گیا ہے جبکہ پرانی 770 کمپنیوں میں سے 44کوبھی نااہل قرار دیا گیا،ذرائع کے مطابق 60فیصد سرکاری کوٹے کے تحت دوسری قرعہ اندازی میں ساڑھے چار ہزار خوش نصیبوں کا چنائو کیاجائے گا، حج پالیسی کے مطابق80 سال سے زائدعمراورتین سال سے مسلسل ناکام رہنے والوں کی درخواستوں کوبغیر قرعہ اندازی منظورکیاجائیگا، 5200 کے قریب درخواستیں80 سال سے زائد عمر رکھنے والوں کی ہیں اورہر درخواست گزارکے ساتھ اسکا فیملی ممبربطوراٹنڈنٹ بھیجاجائیگا،اسی طرح تین سال سے مسلسل ناکام رہنے والے درخواست گزاروں کی تعداد12ہزار 623ہے جن میں سے دس ہزار کاچنائو کیاجائے گا اورباقی بچ جانے والے 4500حاجیوں کے کوٹہ میں قرعہ اندازی کی جائے گی، ذرائع کے مطابق نااہل قرار دی جانے والی نئی اورپرانی کمپنیوں کو اعتراض داخل کرنے سمیت کاغذات مکمل کرنے کیلئے پندرہ دن کا وقت دیاگیا ہے ، رواں سال پاکستان سے مجموعی طورپر ایک لاکھ 80ہزار خوش نصیب فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔ سرکاری حج سکیم