قانونی طریقہ سے جائیداد خریدنا،تبادلہ کونسا جرم؟ سعد رفیق
پراپرٹی گوشواروں میں درج جودستاویزات دکھائی جارہی ہیں ہم نے فراہم کیں
لاہور(جنرل رپورٹر سے )وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ قانونی طریقہ سے جائیداد خریدنا اور اس کا تبادلہ کرنا کون سا جرم ہے ؟ ۔اپنے بھائی صوبائی وزیرسلمان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہابرکی روڈ پر 44کنال زمین قانون کے مطابق خریدی، جتنی دستاویزات دکھائی جا رہی ہیں ہم نے خود نیب کو دی ہیں، نیب تحقیقات کررہا ہے کر لے ۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی میرے کاروبارکو تباہ کرنا چاہتا ہے تو میں کیا کر سکتا ہوں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا گزشتہ دنوں سے مجھ پر اورمیرے خاندان پرجھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں۔میں نہیں جانتا کہ ڈوریاں کہاں سے ہلائی جا رہی ہیں میری ساری پراپرٹی گوشواروں میں درج ہے ،ساری تفصیلات نیب کو بھی مہیا کی گئی ہیں۔سمجھ نہیں آتی لوگ جھوٹ بولتے ہوئے کیوں نہیں ڈرتے ۔خواجہ سلمان نے 2014میں جگہ خریدی اور اپنے گوشوارے میں ظاہرکیا۔50کنال زمین کا پیراگون سے تبادلہ کیا،قسطوں میں معاہدہ کیا،قسطیں ادا کی جا رہی ہیں۔یہ وہ تفصیلات ہیں جو ہم نے نیب کو فراہم کی ہیں،ساری منی ٹریل دے دی ہے ۔