فیض احمد فیض کی بیٹی منیزہ ہاشمی کو بھارت نے واپس بھیج دیا

فیض احمد فیض کی بیٹی منیزہ ہاشمی کو بھارت نے واپس بھیج دیا

ایشیائی میڈیا سمٹ میں بلایا گیا تھا، منتظمین نے صورتحال سے آگاہ نہیں کیا،منیزہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی،آن لائن)ار دو کے معروف شاعر فیض احمد فیض مرحوم کی صاحبزادی منیزہ ہاشمی کا کہنا ہے دہلی میں منعقدہ ایک کانفرنس میں انہیں مدعو کیا گیا لیکن عین وقت پر شرکت سے روک دیا گیا۔ دہلی میں 10 سے 12 مئی کو منعقدہ 15ویں ایشیائی میڈیا سمٹ میں انہیں بطور مقرر بلایا گیا تھا، لاہور واپس پہنچ کر برطانوی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے منیزہ ہاشمی نے بتایا کہ جب وہ دہلی پہنچیں تو جہاں ان کا قیام تھا اس ہوٹل میں ان کی بکنگ منسوخ کر دی گئی اور انہیں اس کانفرنس میں شرکت کیلئے رجسٹر نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھا منتظمین نے اس بارے میں انہیں مطلع نہیں کیا اور نہ ہی اس صورتحال کی کوئی توجیح پیش کی،اس کا مقصد صرف یہی تھا کہ کوئی پاکستانی اس تقریب میں شرکت نہ کر سکے ، اس میں میرا وجود ہی نہ ہو۔منیزہ ہاشمی کا کہنا تھا وہ اس سے قبل متعدد بار انڈیا کے مختلف شہروں کا دورہ کر چکی ہیں اور انہیں اس قسم کی صورتحال کا کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا کہ کسی تقریب میں انہیں شرکت سے روک دیا گیا ہو،پاکستان اور انڈیا کے درمیان کئی قسم کے مسائل ہیں۔دریں اثنا ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل نے فیض احمد فیض کی بیٹی کے ساتھ بھارت میں ہونے وا لے سلوک کی مذمت کی ہے ۔ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ انھیں ڈی پورٹ نہیں کیا گیا لیکن جس طرح واپس بھیجا گیا وہ افسوسناک ہے ، پاکستان نے کبھی کسی بھارتی شخصیت ، صحافی یا دانشور کے ساتھ ایس سلوک نہیں کیا،اب بھی کئی بھارتی شخصیات ، دانشور اور لوگ پاکستان میں موجود ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں