صوبے کی آواز اٹھانا غداری نہیں، تعصب کا عمل بند کیا جائے ، متحدہ بہادرآباد

صوبے کی آواز اٹھانا غداری نہیں، تعصب کا عمل بند کیا جائے ، متحدہ بہادرآباد

بلاول نے جنوبی پنجاب صوبے کی بات کی تو کیا مراد شاہ کی لعنت ان پر بھی ہے ؟فیصل سبزواری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان بہادرآبادگروپ کی رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ جو لوگ علیحدہ صوبے کی بات کررہے ہیں یا کرتے ہیں ان کے خلاف وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سندھ اسمبلی میں کی گئی تقریر شرمناک ہے ، ہم اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی آواز اٹھانا پاکستان کے آئین کے تحت غداری نہیں ہے ، اس لیے تعصب کا عمل بند کیاجائے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاکستان کا آئین انتظامی یونٹس کے قیام کی اجازت نہیں دیتا ؟۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ بلاول زرداری نے جب جنوبی پنجاب میں صوبے کی بات کی تو کیا مراد علی شاہ کی لعنت بلاول پر بھی ہے یا ہم ہی تک محدود ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو ایم کیوایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان ، رابطہ کمیٹی کے ارکان امین الحق اور گلفراز خان خٹک کے ہمراہ پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دریں اثناوزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے بیان پر ایم کیو ایم پی آئی بی نے اتوار کو لیاقت آباد میں احتجاج کا اعلان کر دیا ہے ۔ ایم کیو ایم کے رہنما کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کے بیان سے مہاجر قوم کی دل آزاری ہوئی ہے ۔سید مراد علی شاہ نے مہاجر قوم کو لعنت دی ۔24 گھنٹے میں معافی نہ مانگی توآئند ہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سید علی رضا عابدی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ لیاقت آباد دس نمبر پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور یہ احتجاجی مظاہرہ ڈاکٹر فاروق ستار کی سر براہی میں کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں