بھارت رقم بھجوانے کے الزام پر نواز شریف نے چیئرمین نیب کو نو ٹس بھیج دیا
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 4 ارب 90 کروڑ ڈالربھارت منتقل کرنے کے الزام پر چیئرمین نیب کو قانونی نوٹس بھیج دیا
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) جس میں کہا گیا کہ توہین آمیز پریس ریلیز پر چیئرمین نیب 14 روز میں معافی مانگیں اور ایک ارب روپے ہرجانہ ادا کریں، انگریزی اور اردو کے اخبارات میں باقاعدہ معافی شائع کی جائے ورنہ قانونی کارروائی کی جائے گی، بیرسٹر منور دوگل کی وساطت سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ نوازشریف پر بھارت میں منی لانڈرنگ کے ذریعے رقوم منتقلی کا الزام لگایا گیاجن میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیا گیا ، ان کا پریس ریلیز میں حوالہ بھی نہیں دیا گیا، ورلڈ بینک نے 8 مئی کو وضاحت کرکے الزامات کی نفی کر دی تھی اور واضح کیا کہ رپورٹ میں کسی شخص کا نام دیا گیا نہ منی لانڈرنگ کا کہا گیا،ورلڈ بینک اور سٹیٹ بینک کی وضاحت کے باوجود ایک اور پریس ریلیز 9 مئی کو جاری کی گئی جس میں ورلڈ بینک کی وضاحت کا ذکر تک نہیں کیا گیا، اس سے پہلے نیب کو محض شکایت موصول ہونے پر اعلامیہ جاری کرنے کی کوئی نظیر نہیں ملتی، نواز شریف تجربہ کار سیاستدان ہیں اور 3 مرتبہ ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں، باوثوق ذرائع سے تصدیق کئے بغیر اعلامیہ جاری کر دینا بدنیتی پر مبنی ہے ، نواز شریف نے چیئرمین نیب کے الزامات کو قبل از انتخابات دھاندلی قرار دیا ، قانونی نوٹس پر 23 مئی کی تاریخ درج ہے ، اس سے قبل ایک قانونی نوٹس سینئر قانون دان اے کے ڈوگر کی جانب سے 17 مئی کو بھجوایا گیا تھا جس میں چیئرمین نیب کو مستعفی ہونے اوربے بنیاد الزامات پرمعافی مانگنے کا کہا گیا تھا۔ قانونی نوٹس