عیدالفطر:حکومت کاقیدیوں کیلئے 3ماہ کی معافی کااعلان
قتل ،تخریب کاری،ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدی مستفیدنہیں ہونگے
اسلام آباد (اے پی پی)حکومت نے عیدالفطرکے پرمسرت موقع پر جیلوں میں قید، قیدیوں کیلئے خصوصی معافی کا اعلان کیاہے ،صدرمملکت نے 1973کے آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کارلاتے ہوئے وزیراعظم کے مشورے پر عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کیلئے خصوصی معافی کااعلان کیاہے ۔بیان کے مطابق عمر قید کے قیدیوں ماسوا ئے قتل، تخریب کاری، ریاست مخالف سرگرمیوں، فرقہ واریت، زنا،ڈکیتی،رہزنی ، اغواء اوردہشت گردی کے جرائم کے قیدیوں کوتین ماہ کی خصوصی معافی دی گئی ہے ۔اسی طرح سزائے موت،قتل، تخریب کاری، ریاست مخالف سرگرمیوں، فرقہ واریت، زنا،ڈکیتی،رہزنی ، اغوا ، اوردہشت گردی کے جرائم میں ملوث قیدیوں کے علاوہ باقی قیدیوں کیلئے 45دن کی خصوصی معافی کا اعلان بھی کیا گیاہے ،قید کا دوتہائی حصہ جیل میں گزارنے والے قیدیوں کو بھی معافی میں شامل کیا جائیگا۔65 سال یا اس سے زائدعمرکے مرد اوراپنی قیدکاایک تہائی جیل میں گزارنے والی 60 سال کی خواتین قیدیوں کو مکمل معافی دی گئی ہے ،وہ قیدی خواتین جن کے پاس بچے ہیں مگر وہ قتل یا دہشت گردی کے واقعات میں ملوث نہ ہوں کوایک سال کی خصوصی معافی دی گئی ہے اپنی قیدکاایک تہائی جیل میں گزارنے والے 18سال سے کم عمرقیدیوں کوبھی مکمل معافی دی گئی ہے ۔ قیدی معافی