سابق صوبائی وزیر رضا علی گیلانی بھی ن لیگ سے ناراض
مریم کسی اور حلقے سے الیکشن لڑتی ہیں تو پھر میں اپنے حلقے سے امیدوار ہونگا، بلال یاسین
لاہور ،حجرہ شاہ مقیم( نمائندہ دنیا)سابق صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی بھی ن لیگ سے ناراض ہو گئے ،پارٹی نے این اے 143سے راؤ اجمل خاں کو ٹکٹ دیا تو میں اپنا الگ فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتا ہوں ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا پارلیمانی بورڈ نے اگر زبردستی فیصلہ مسلط کرنے کی کوشش کی تو شاہ مقیم گروپ اپنا جلد از جلد فیصلہ کرے گا ،پارٹی قیادت کو چاہیے کہ این اے 143 اوکاڑہ سے سید گلزار سبطین کو ٹکٹ جاری کرے اگر انہوں نے راؤ اجمل خاں کو ٹکٹ دیا تو میں اور شاہ مقیم گروپ آزاد حیثیت یا کوئی اور فیصلہ کرنے پر مجبور ہوگا۔ سابق صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن رضا علی گیلانی نے کہا مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کو شاہ مقیم گروپ کی ضرورت ہے تو پھر ہماری دی گئی تجویز پر عمل کرے ، راؤ اجمل خاں کے ساتھ اب حلقہ کے عوام اور میرے راستے الگ ہو چکے ہیں ان کا اس حلقہ سے کامیاب ہونا خواب بن کر رہ جائے گا ،میری ان سے کبھی بھی صلح نہیں ہو گی ۔ رضا علی گیلانی نے کہا مسلم لیگ ن سابقہ روایات کی طرح پارٹی ٹکٹیں دینے کیلئے شاہ مقیم ہاؤس سے مشاورت کرے ۔ ادھرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال یاسین نے کہا اگر مریم نواز انتخابات میں این اے 125 سے الیکشن لڑتی ہیں تو میں امیدوار نہیں ہوں گا، اگر مریم بی بی کسی اور حلقے سے لڑتی ہیں تو پھر میں اپنے حلقے سے امیدوار ہوں گا، اگر کسی کو شوق ہے تو اسی حلقے میں آ کر آزما لے ، ماضی میں اسی حلقے سے ممبر قومی اسمبلی رہ چکا ہوں، پہلا حق میرا بنتا ہے ۔ سابق صوبائی وزیر زعیم حسین قادری کا کہنا تھا مسلم لیگ (ن)نے انہیں صوبائی اسمبلی کے 2ٹکٹ دیئے مگر مسئلہ ٹکٹ کا نہیں، ہم آہنگی اور نظریے کا ہے ۔اپنا موقف اور مسئلہ کئی بار قیادت کے سامنے رکھا۔انہوں نے کہا ابھی کسی کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ۔مجھے اور میری بیوی دونوں کو ایم پی اے کا ٹکٹ دیا گیا،لیکن میر ا مسئلہ اب ٹکٹ نہیں ہے ، میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر چکا ہوں۔انہوں نے کہا میں عرصے سے وحید عالم خان کیخلاف جہدوجہد کر رہا تھا،اب اس شخص کے ساتھ کیسے اس کے نیچے الیکشن لڑ سکتا ہوں۔ان صاحب کو حلقے میں کوئی ٹھیک سے جانتا تک نہیں ۔زعیم قادری نے کہامجھے اب ایسی جگہ نہیں رہنا جہاں سیاسی بے یقینی کی صورتحال ہو۔