اسلام آباد: امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے لبرٹی بیل مہم کا افتتاح کردیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی یوم آزادی منانے کے لیے ناظم الامور نیٹلی بیکر نے لبرٹی بیل مہم کا افتتاح کر دیا

پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے ’لیٹ فریڈم رِنگ‘ کے عنوان سے آج لنکن کارنر اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریبِ رونمائی کے دوران فریڈم 250 لبرٹی بیل انیشی ایٹ کا سرکاری طور پر افتتاح کیا گیا۔

اس موقع پر ناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے مشہور زمانہ لبرٹی بیل کے اصل حجم کے موافق علامتی گھڑیال کی رونمائی کی جس کے ساتھ ہی امریکا کے 250ویں یوم آزادی کا جشن منانے اور امریکا کے قومی سفر اور عالمی اثر انگیزی میں امریکی سفارتکاری کے دیرپا کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریبات کے سلسلہ کا آغاز ہو گیا۔

ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں واقع لبرٹی بیل امریکی آزادی اور جمہوریت کی سب سے پائیدار علامتوں میں سے ایک ہے۔ 1752 میں ڈھالا گیا، یہ گھڑیال امریکی انقلاب میں اپنے تاریخی کردار کی وجہ سے نمایاں حیثیت کا حامل ہے۔

امریکی تاریخ کے اہم سنگ میل عبور کرنے کے مختلف مواقع پر اس گھڑیال کو بجایا جاتا تھا، جس میں 1787ء میں امریکا کے آئین پر دستخط ہونا بھی شامل ہے۔ آج لبرٹی بیل آزادی، انصاف اور مساوات کے بنیادی امریکی نظریات کی یاد دلاتی ہے۔

تقریب میں سے خطاب کرتے ہوئے ناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے لبرٹی بیل کی بطور قومی میراث اہمیت اور غلامی کے خاتمے سمیت تاریخ کے اہم لمحات کے ساتھ اُس کے تعلق کو اُجاگر کیا، اُنہوں نے کہا کہ لبرٹی بیل امریکی آزادی کی ایک نمایاں علامت ہے

ناظم الاُمور نے امریکا اور پاکستان کے تعلقات کی مضبوطی میں فلاڈیلفیا سے ذاتی طور پر تعلق رکھنے والے امریکی سفارتکاروں کی خدمات کو بھی اجاگر کیا۔ ’لیٹ فریڈم بیل رِنگ‘ کی مہم کے سلسلے میں آزادی گھڑیال سے مماثلت رکھنے والے پندرہ علامتی گھڑیال پاکستان بھر میں موجود لنکن کارنرز میں تقسیم کیے جائیں گے اور مقامی مصوروں اور رضاکار طالب علموں کو مدعو کیا جائے گا کہ ’وہ میرے لیے آزادی کا کیا مطلب ہے‘ کے عنوان سے لبرٹی بیل پر رنگ کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں