کپس کالج کے سی ای او عابد وزیر خان کو اغوا کر لیا گیا

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقے جوہر ٹاؤن سے کپس کالج کے سی ای او عابد وزیر خان کو اغوا کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق عابد وزیر خان کو آفس سے جاتے ہوئے راستے میں روک کر اغوا کیا گیا، عابد وزیر خان اغوا کے وقت خاتون جنرل منیجر کے ساتھ فون لائن پر تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے نامعلوم شخص کی آواز سنی، نامعلوم شخص نے مغوی کو کہا کہ تم نے میری گاڑی کا ایکسیڈنٹ کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اغوا کا مقدمہ تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج کر لیا گیا ہے، کیس اغوا برائے تاوان کا لگ رہا ہے۔

واقعے کی تفتیش ہو رہی، اغوا برائے تاوان کا معاملہ نہیں: ڈی آئی جی آپریشنز

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہ اغوا برائے تاوان والا معاملہ نہیں ہے، اب تک اغوا برائے تاوان کی کوئی کال موصول نہیں ہوئی۔

فیصل کامران نے کہا کہ واقعے کی انویسٹی گیشن ہو رہی ہے، پولیس کی ٹیمیں مختلف اضلاع میں کام کر رہی ہیں، مختلف اینگلز سے ہم انویسٹی گیشن کر رہے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنزلاہور نے کہا کہ سی سی ڈی اور لاہور پولیس مل کر کام کر رہی ہے، امید ہے بہت جلد عابد وزیر خان کا پتا چل جائے گا۔

فیصل کامران نے کہا کہ کل رات سے ہماری ٹیمیں کام کر رہی ہیں، کچھ ٹیمیں لاہور اور کچھ باہر کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن سے متعلق ابھی چیزیں شیئر کرنا مناسب نہیں ہوگا، لوکیشن سے متعلق چیزیں شیئر کرنے سے ہماری انویسٹی گیشن خراب ہوجاتی ہے۔

فیصل کامران کا کہنا تھا کہ عابد وزیرخان کی جو آخری گفتگو ہو رہی تھی وہ بھی ہم نے سنی ہے، اس حوالے سے بھی انویسٹی گیشن ہو رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں