ٹکٹ کیلئے میرٹ , ڈسپلن , وفاداری ترجیح : شہباز شریف , مریم اور ایاز صادق کے حلقے تبدیل

ٹکٹ کیلئے میرٹ , ڈسپلن , وفاداری ترجیح : شہباز شریف , مریم اور ایاز صادق کے حلقے تبدیل

چاروں صو بو ں میں جیتیں گے ،ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ،نیازی اور زرداری کی نااہلی کی وجہ سے عوام نے انہیں مسترد کردیا ، مشاورتی اجلاسوں میں گفتگو مریم نواز این اے 127اور پی پی 173سے الیکشن لڑٰیں گی، ایاز صادق این اے 133سے امیدوار ،تما م فیصلو ں کے توثیق ٹیلی فون پر نواز شریف سے لی جائے گی

لاہور (سیاسی رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے )مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت عام انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم اور امیدواروں کی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کیلئے مختلف صوبوں اور پنجاب کے مختلف اضلاع کے رہنماؤں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد ہوئے ۔ مختلف مشاورتی اجلاسوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ٹکٹ ہر صورت صرف اور صرف میرٹ پر د یئے جائیں گے ۔ ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ نے تمام امیدواروں کے انٹرویو کئے ہیں اور اس حوالے سے بورڈ کی سفارشات موجود ہیں۔ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں ہی ٹکٹ جاری کئے جائیں گے ۔مسلم لیگ ن انشا اللہ چاروں صوبوں سے جیتے گی۔ شہباز شریف نے کہا میرٹ، پارٹی ڈسپلن اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ وفاداری کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا خیبر پختونخوا کے عوام مسلم لیگ (ن)سے والہانہ محبت کرتے ہیں،خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی عوام کے سامنے ہے ۔ پی ٹی آئی نے پانچ سال میں پختونخوا کے عوام کے ساتھ کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ نیازی اور زرداری کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے کے پی اور سندھ کے عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے ۔انہوں نے کہا ہم نے عوام کی خدمت کی ہے ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے ۔ پی ٹی آئی کے پاس دکھانے کیلئے کچھ نہیں۔ شہباز شریف نے کہا پنجاب مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے ،یہاں سینکڑوں میگا پراجیکٹ لگائے ہیں، جن میں قوم کے اربوں روپے کی بچت کی۔ پنجاب میں ہر شعبے میں بے مثال ترقی ہوئی جس کی تعریف کرنے پر عالمی ادارے بھی مجبور ہیں۔ آئندہ الیکشن میں اگر اللہ نے موقع دیا تو خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کو بھی پنجاب جیسا بنا کر دکھائیں گے ۔ شہباز شریف نے کہا آج اگر پورے ملک میں امن قائم ہے تو یہ مسلم لیگ ن کی قیادت کی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے ہے ، ہم نے کراچی کی بد امنی کو امن میں بدلا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا، کراچی کا امن ہی سندھ سے مسلم لیگ ن کی جیت کی نوید ہے ۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا ہماری حکومت کی وفاق اور پنجاب میں بہترین کارکردگی آئندہ الیکشن میں ہماری کامیابی کی دلیل بنے گی ۔ اجلاس میں شہباز شریف کے آئندہ دورہ کراچی کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ انہوں نے اجلاس میں موجود رہنماؤں کو بیگم کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے بھی بتایا اور ان کی دعاؤں پر شکریہ ادا کیا۔شہباز شریف سے گزشتہ روز سرگودھا کے رہنماؤں پیر امین الحسنات ،پیر فاروق شاہ ودیگر نے ملاقات کی۔وفد نے نہ صرف شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا بلکہ سرگودھا سے مسلم لیگ (ن)کی فتح کو بھی یقینی قرار دیا اور اس بات کا عزم کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن)ہی حکومت بنائے گی۔ لاہور ( ارسلان رفیق بھٹی ) مسلم لیگ ن کے صدر شہبا ز شریف نے لندن سے لاہور پہنچتے ہی اہم مشاورتی اجلاس طلب کیا جس میں پار ٹی کے سینئر رہنما سپیکر قومی اسمبلی سردار ایا ز صادق ،خواجہ سعد رفیق ،رانا ثنا اللہ ، غلام دستگیر خان سمیت دیگر رہنماؤں نے شر کت کی ، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی امیدواروں کی ٹکٹوں کا فیصلہ ایک سے دو روز میں کر دیا جائے گا جبکہ لاہور سمیت لاہور ڈویژن کے امیدواروں کا فیصلہ 24 گھنٹے کے اندر پارلیمانی بورڈ کر ے گاجس کے بعد شہباز شریف نے رات گئے پارلیمانی بورڈ کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز شریف کو این اے 125 کے بجا ئے این اے 127 سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑانے کا فیصلہ کیا جبکہ مریم نواز صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 173 سے بھی انتخاب لڑیں گی ۔ بورڈ کے ذرائع کے مطابق پارٹی نے خفیہ سروے کروایا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ مریم نواز کا حلقہ تبدیل کر دیا جائے جبکہ مریم نواز ہر صورت اپنے والد اور والدہ کے حلقے سے ہی انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہیں ۔ این اے 125 سے پرویز ملک اور بلال یاسین کے درمیان فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے ۔حلقہ این اے 126 سے مہر اشتیاق اور میاں مرغوب کے درمیان فیصلہ ہونا باقی تھا لیکن گزشتہ روز مہر اشتیاق کو پارٹی کی جانب سے این اے 126 سے انتخاب کی یقین دہانی کروادی گئی ۔این اے 129 سے پہلے سردار ایاز صادق کا نام سامنے آیا انہوں نے حلقہ تبدیل کرتے ہوئے این اے 133 کا انتخاب کر لیا جہاں سے زعیم قادری پہلے ہی بغاوت کر چکے ہیں ۔این اے 130 سے خواجہ احمد حسان کا نا م حتمی آگیا جبکہ عمران خان کے مقابلے میں خواجہ سعد رفیق کا پہلے ہی 131سے فیصلہ ہو چکا ہے ۔این اے 132 سے پہلے ہی میاں شہباز شریف کو پارٹی نے ٹکٹ جاری کر دیا ہے ۔ این124 سے حمزہ شہباز کا فیصلہ ہوچکا ہے جبکہ این اے 123 سے پرویز ملک ، غزالی سلیم بٹ اور ملک ریا ض کے درمیان فیصلہ ہونا باقی ہے ۔ ذرائع کے مطابق این اے 134 سے رانا مبشر اقبال کا فیصلہ حتمی ہو گیا ہے جبکہ این اے 135 اور این اے 136 سے کھوکھر برادران کو گرین سگنل دیاجا چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی بورڈ کے تما م فیصلو ں کے توثیق ٹیلی فون کے ذریعے لندن میں نواز شریف سے لی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں