غلام مصطفی پھل کی درخواست ضمانت پر نیب سے جواب طلب
ملزم نے ستر ایکڑ زمین کو رہائشی اسکیم میں تبدیل کرنے کی منظوری دی، نیب جلد ہی ملزم کے خلاف تحقیقات شروع ہونگی، سندھ ہائیکورٹ میں سماعت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے سابق کمشنر شہید بے نظیر آباد غلام مصطفی پھل کی درخواست ضمانت پر نیب حکام سے 25اگست تک انکوائری کے حوالے سے جواب طلب کر لیا۔ پیر کو جسٹس عبدالمالک گدی کی سربراہی میں جسٹس ظفر احمد راجپوت پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سابق کمشنر شہید بے نظیر آباد غلام مصطفی پھل کی جانب سے نیب انکوائری اور ضمانت سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ غلام مصطفی پھل نے سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن کی حیثیت سے ملیر کی ستر ایکڑ زمین کو رہائشی اسکیم میں تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی۔ تمام سرکاری اراضی انڈسٹری کے لیے الاٹ ہوئی۔ 2011 ء میں اسی اراضی کو رہائشی اسکیم میں تبدیل کیا گیا۔ سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے ملزم کی عبوری ضمانت خارج کر دی تھی۔ درخواست مسترد ہونے کے بعد نیب نے غلام مصطفی کو گرفتار کر لیا تھا۔ ملزم کے خلاف انکوائری مکمل ہو گئی ہے ۔ اب جلد ہی ملزم کے خلاف تحقیقات شروع کی جائے گی۔بعد ازاں عدالت نے نیب حکام سے 25 اگست تک انکوائری کے حوالے سے جواب طلب کر لیا۔