پنجاب میں گڑبڑ گھوٹالہ, پہلے تبادلے, پھر منسوخ!

پنجاب میں گڑبڑ گھوٹالہ, پہلے تبادلے, پھر منسوخ!

پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت سفارشی کلچر کی حامی یا تذبذب کا شکار؟ سیاسی پشت پناہی کے ساتھ سینئر افسران من پسند عہدوں پر تعیناتیوں اور تبادلوں کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے لگے ۔

(فاروق احمد بودلہ) اسی سیاسی پشت پناہی کے باعث حکومت کو متعدد افسران کے تقرروتبادلہ کے متعلق احکامات منسوخ کرنا پڑ گئے ، پانچ ڈپٹی کمشنرز کے تبادلے چند گھنٹوں بعد منسوخ کر دئیے گئے اور افسران کی از سر نو تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو کا بطور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن فیصل آباد تبادلہ منسوخ کیا اور اسی عہدے پر کام جاری رکھنے کا حکم دیا ۔ اسی طرح یاور حسین کا بطور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد تبادلہ منسوخ کر دیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری خزانہ سیف اللہ خان ڈوگر کو ڈپٹی کمشنر ساہیوال تعینات کیا گیا تھا یہ تبادلہ بھی منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد تعینات کردیا گیا۔ اسی طرح صاحبزادی وسیمہ عمر کا اوکاڑہ میں تبادلہ منسوخ کر کے انہیں ڈپٹی کمشنر قصور تعینات کر دیا گیا، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ مریم خان کا بطور ڈپٹی کمشنر قصور تبادلہ منسوخ کر کے انہیں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ تعینات کر دیا گیا۔ دوسری جانب کئی افسران کو ایک عہدے پر چند دن مقرر رہنے کے بعد ہی مختلف عہدوں پر بھیجا جارہا ہے ۔ کمشنر ساہیوال کے عہدے پر تعینات 20ویں گریڈ کی افسر ڈاکٹر فرح مسعود کو 15اکتوبر کو تبدیل کر کے ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مقرر کیا گیا لیکن دوروز بعد ہی انہیں مزید تقرری کیلئے محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا ۔ جبکہ 19 ویں گریڈ کے راشد کمال الرحمن کو ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مقرر کر دیا گیا جو کہ ابھی تک 24 ویں سینئر مینجمنٹ کورس میں مصروف ہیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے کے دوران متعدد اسسٹنٹ کمشنرز کے تبادلے بھی اگلے روز ہی منسوخ کر دئیے گئے ۔ اے سی نارووال الطاف حسین کا تبادلہ منسوخ کرکے انہیں اسی عہدے پر کام جاری رکھنے کا حکم دیا گیا۔ڈی ایم او سیالکوٹ فیصل سلطان کا بطور اے سی نارووال تبادلہ منسوخ کرکے انہیں ڈی ایم او گجرات تعینات کیا گیا ، ساریہ حیدر کا بطور اے سی صفدر آباد تبادلہ منسوخ کرکے انہیں اے سی کامونکی تعینات کیا گیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر صفدرآباد عمران عصمت کا بطور سیکشن افسر انرجی تبادلہ منسوخ کیا گیا۔ عنبر گیلانی کا بطور اے سی دینہ تبادلہ منسوخ کرکے انہیں اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں تعینات کیاگیا ، عاصم سلیم کا سوئی ناردرن میں تبادلہ منسوخ کرکے خدمات مزید تقرری کیلئے کمشنر لاہور کے سپرد کی گئیں۔ یوں پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت افسروں کے تقرروتبادلہ اور پیچیدہ انتظامی امور کو سمجھنے سے قاصر دکھائی دے رہی ہے جبکہ سیاسی اثرو رسوخ کے استعمال نے مزید الجھنیں پیدا کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق رواں ہفتے کے آخر تک سول اور پولیس کے محکموں میں مزید اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے ۔ کئی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی تبدیلی زیر غور ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈویژنل کمشنرز بھی تبدیل کئے جائیں گے ۔ ڈی آئی جی، سی پی اوز ، آرپی اوز کی تبدیلی کے بھی امکانات ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں