پاک بھارت جوہری جنگ 2کروڑ سے زائد جانیں لے سکتی ہے
بھارت کے پاس 130 کے قریب جبکہ پاکستان 150تباہ کن جوہری ہتھیار رکھتا ہے
کولون(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور بھارت جوہری ہتھیاروں سے مسلح ہیں،دونوں میں کشیدگی بڑھنے سے جنگ کے سائے ایک ارب پچاس کروڑ کی آبادی کے سر پر منڈلا رہے ہیں۔خیال کیا جاتا ہے کہ بھارت کے پاس 130 کے قریب جوہری ہتھیار ہیں جبکہ پاکستان تقریباً 150تباہ کن ہتھیار رکھتا ہے ۔ دونوں ممالک کے پاس طویل فاصلے کے میزائل بھی ہیں، جس کی بدولت بھارت کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان سمیت کئی پاکستانی شہروں کو نشانہ بنا سکتا ہے جبکہ پاکستانی میزائل نئی دہلی، ممبئی، بنگلور اور حیدرآباد سمیت کئی شہروں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر کئی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر جنگ شروع ہوئی تو خدشہ ہے کہ یہ جوہری تصادم کی شکل اختیار کر جائے گی، جس کے نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں بھی اثرات ہونگے ۔امریکی محققین کی دو ہزار سات کی ایک رپورٹ کے مطابق اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری جنگ ہوتی ہے اور اگر دونوں ممالک اس میں پندرہ کلو ٹن کے ایک سو بم استعمال کرتے ہیں، تو ان کی زد میں آ کر دو کروڑ دس لاکھ افراد ہلاک ہوسکتے ہیں جبکہ اوزون کی جھلی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے ۔ اس کے علاوہ ان دھماکوں کے اثرات سے ماحول میں زبردست تبدیلی رونما ہوسکتی ہے ، جس سے دو ارب کے قریب انسان فاقہ کشی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ان تمام حقائق کے باوجود دونوں ممالک میں جنگی جنون عروج پر ہے ۔ تاہم اس صورتحال پر امن پسندوں کی ایک قلیل اقلیت بہت پریشان ہے ۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چھ کروڑ سے زیادہ افراد خط غربت سے نیچے رہ رہے ہیں جبکہ بھارت میں یہ تعداد 60کروڑ ہے ، 35فیصد سے زائد بھارتی مناسب غذا سے محروم ہیں جبکہ آبادی کے ایک بڑے حصے کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے ۔